حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حرم امام رضا علیہ السلام مشہد مقدس اور انوار نجفیہ فاؤنڈیشن نجف اشرف کے تعاون سے حرم مقدس کے ریسرچ سنٹر نے آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی کے دروس اور تقریروں کو کتابی صورت دیکر تیار کی گئی عربی زبان کی کتاب ’’ اثبات ولادت امام مہدی عج‘‘ کا فارسی میں ترجمہ کرکے منظر عام کیا اور اس کے لئے ایک تعارفی کانفرنس کا بھی اہتمام کیا جس میں حوزہ علمیہ مشہد مقدس اور ریسرچ سنٹر کے مدیر ، آیت اللہ العظمی حافظ بشیر نجفی کے مشیر آیت اللہ شیخ نزیہ محی الدین، مرجع عالی قدر کے فرزند، مرکزی دفتر کے مدیر اور انوار نجفیہ فاؤنڈیشن کے سربراہ حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی کے علاوہ حضرات علماء کرام، حوزہ علمیہ کے اساتذہ اور محققین حضرات نے شرکت کی۔
حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی نے اپنے بیان میں حرم مقدس کےذمہ داران کا ان کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا اور اسلامی معاشرے میں مہدوی ثقافت کی ترویج پر تاکید فرمائی تاکہ آنے والی نسلوں کے عقائد کو مزید مضبوط کیا جاسکے ساتھ ساتھ مومنین کو دینی و مذہبی عقائد سے منحرف کرنے کی سازشوں کو بھی ناکام بنایا جا سکے ۔
واضح رہے کہ کتاب’’ اثبات ولادت امام مہدی عج‘‘ مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف کے دروس اور تقریروں کا مجموعہ ہے ساتھ ساتھ اس کتاب میں جدید اعتراضات کو بھی شامل کیا گیا ہے جنکے جوابات مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے دیئے ہیں، مذکورہ کتاب کا مختلف زبانوں میں #ترجمہ بھی ہو چکا ہے ۔