حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، روس نے یوکرائنی فوجیوں کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی پر شدید تنقید کی ہے، روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے جمعرات کو کہا کہ اس سے یوکرینی فوجیوں کی اخلاقی پستی ظاہر ہوتی ہے۔ وہ ایسے کام کر رہے ہیں جس سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو۔
’ماریہ زاخارووا‘ کے مطابق قرآن پاک کی بے حرمتی کر کے جلانا، اخلاقی پستی کا شکار ان فوجیوں کا ایک اور شرمناک فعل ہے۔ یہ وہ کام ہے جس کی ان فوجیوں نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس اس فعل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز دیکھی گئی ہیں جن میں یوکرین کے کچھ فوجیوں کو قرآن پاک پھاڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس پر اپنے ردعمل میں جمہوریہ چیچن کے صدر رمضان قادروف نے کہا ہے کہ یہ تم لوگوں کا شیطانی کام ہے، جب تم یہ کام کر رہے تھے کاش کوئی چیچن تمہارے قریب ہوتا تو ہم ہم دیکھتے کہ تم میں ایسا کرنے کی ہمت ہے یا نہیں۔
یوکرین کے بعض فوجیوں کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے تناظر میں مصر کے مذہبی رہنما شیخ سعد نے کہا ہے کہ قرآن پاک نے تمام مذہبی کتابوں کی بے حرمتی سے منع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے۔ شیخ سعد کے مطابق یوکرین کی حکومت کو اس حوالے سے پوری دنیا کے مسلمانوں سے معافی مانگنی چاہیے۔