حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،عالمی روز قدس کے موقع پر کھمبات ضلع آنند گجرات میں نماز جمعہ کے فورا بعد روز قدس کے عنوان سے ایک جلسہ منعقد کیا گیا جس میں تمام مسلمانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
یہ جلسہ علماء کرام کی موجودگی میں منعقد ہوا جس میں مولانا سید محمد حیدر اصفہانی، مولانا معراج علی صاحب اور مولانا علی محمد صاحب نے عوام کو خطاب کیا۔
ممبئی سے آئے ہوئے مولانا سید محمد حیدر اصفہانی صاحب نے روز قدس کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی (رح) کی دور اندیشی کی وجہ سے فلسطین کا مسئلہ عالمی مسئلہ بن سکا ورنہ غاصب اسرائیل اور اس کے ہمنوا اپنے مقصد میں کامیاب ہو جاتے اور ان کے مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے والا کوئی نہ ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ روز قدس مظلوموں کی حمایت اور ظالموں سے اظہار بیزاری کا دن ہے دنیا کے ہر گوشے میں اگر کوئی مظلوم ہے تو اس کی حمایت کرنا ہمارا دینی اور اخلاقی فریضہ ہے۔
موصوف نے مسلمانوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم سب متحد نہ ہوئے تو ہمارا دشمن اپنے مقصد میں کامیاب ہو جائے گا لہذا اگر دشمن کو ہرانا ہے تو اتحاد بہت ضروری ہے۔ انہوں نے حق و باطل کی تشخیص کے حوالے سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ آج باطل کو پہچاننے کا معیار یہ ہے کہ جو طاقتیں یا جو افراد اور گروہ رھبر معظم آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور انقلاب اسلامی کے خلاف ہیں وہ باطل پر ہیں کیوں کہ آج دنیا کی تمام اسلام اور مسلم دشمن قوتیں ایران اور رھبر انقلاب کے خلاف نظر آتی ہیں لہذا یہ واضح ہو جاتا ہے کہ حق انقلاب اسلامی ایران کے ساتھ ہے ۔
اس کے علاوہ موصوف نے بیان کیا کہ انقلابی ہونے کا مطلب یہ ہے کہ ہم ہر محاذ اور ہر میدان میں آگے نظر آئیں اور اپنے ملک اور قوم کو ترقی کے راستے پر گامزن کریں۔