۱۳ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۳ شوال ۱۴۴۵ | May 2, 2024
علامہ عارف حسین واحدی

حوزہ / شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے حسینیہ ٹرسٹ گجرات میں شیعہ علما کونسل سٹی گجرات کی طرف سے منعقدہ عظیم الشان پیام قرآن کانفرنس میں شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے حسینیہ ٹرسٹ گجرات میں شیعہ علما کونسل سٹی گجرات کی طرف سے منعقدہ عظیم الشان پیام قرآن کانفرنس میں شرکت کی اور کانفرنس کے آخر بھی خطاب بھی کیا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں پیام قرآن کے موضوع پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا: قرآن منشور حیات انسانی اور مکمل آئین زندگی بشر ہے۔ یہ عظیم آئین لاریب ہے۔ اس کے عالَمِ بشریت کے لئے جامع اور کامل ہدایت ہونے میں میں کوئی شک و شبہ اور کمزوری نہیں ہے اور دوسری خصوصیت یہ ہے کہ یہ مبارک کلام سید المرسلین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاک اور بے عیب قلب پر نازل ہوا ہے۔

علامہ عارف حسین واحدی نے قرآن کی جامعیت اور علوم و معارف الٰہیہ کا اصل منبع ہونے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: انسانی زندگی جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے جتنی بلندی پر پہنچ جائے اور انسان جتنی فکری و عملی ترقی کرتا جائے قرآن کریم ہی اس کا اصلی سرچشمہ ہے۔ ضرورت ہے کہ قرآن مجید کی تعلیمات اور معارف کے ساتھ اپنی عملی زندگی کو معطر کیا جائے۔ قرآن کو اپنا رہبر و راہنما سمجھا جائے۔ اپنے گھر ،زندگی اور معاشرے کو تلاوت و تدبر فی القرآن سے منور کیا جائے اور قرآن کریم کے ذریعے نفسانی، فکری اور عملی تذکیہ کے عمل کو آگے بڑھایا جائے۔

قرآن مجید کی تعلیمات اور معارف کے ساتھ اپنی عملی زندگی کو معطر کرنے کی ضرورت ہے

انہوں نے مزید کہا: قرآن کریم کاایک پیغام مظلوم کی حمایت اور آپس کی وحدت کا ہے۔ اگر قرآن کے پیغام وحدت اور امت کے ایک ہونے کے تصور کو عملی طور پر اجاگر کیا جائے تو معاشرے میں انسان دوستی، امن و بھائی چارہ اور اتحاد و وحدت کی فضا کو فروغ ملے گا اور معاشرہ امن کا گہوارہ بن جائے گا۔

شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا: الحمد للہ بانی اتحاد امت قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے جناب قاضی حسین احمد، مولانا شاہ احمد نورانی، مولانا سمیع الحق اور دیگر بزرگان کے ساتھ مل کر اس قرآنی تصور کو پاکستان میں عملی طور پر اجاگر کرنے میں اپنا بنیادی کردار ادا کیا اور اس کی بدولت فرقہ واریت کو شکست ہوئی اور ملک میں تمام مسالک کے پیرکاروں میں محبت و اخوت کی فضا قائم ہوئی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .