حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے christain study center کی طرف سے منعقدہ پروگرام Interfaith celebration of religious festivals میں خطاب کے دوران کہا: تمام الٰہی ادیان و مذاہب میں مشترکات کو اگر دیکھیں تو سب سے بڑی چیز مشترکات میں احترام انسانیت ہے، کرامت انسانی ہے، اللہ تعالی کے فرمان قُل یا اھلَ الکِتاب تعالَوا الی کلمَۃٍ سَوَا——-اور ولَقَد کَرمنا بَنی آدَم—-کو مدنظر رکھ کر اور مشترکات پر جمع ہو کر ہم بہترین معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا: جتنے ادیان الٰہی اور آسمانی کتب ہیں ان کا پیغام امن و آشتی کا پیغام ہے۔ ہم سب نے مل کر سامراجی دشمنوں اور طاغوتوں کے مقابلے میں متحد ہو کر چلنا ہو گا اور دشمن کی انتشار و افتراق کی سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا-علاوہ ازیں پاکستان ہم سب کا ہے، یہ ملک اللہ تعالی کا ہدیہ اور نعمت ہے اس کو ہم سب نے مل کر بنایا تھا اور مل کر ہی امن کا گہوارہ بنانا ہو گا۔
شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے غیر مسلموں کے عبادت خانوں میں دھماکوں اور دہشتگردی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا: یہ دہشتگرد صرف چرچز اور مندروں و کلیساؤں کو نشانہ ہی نہیں بناتے بلکہ مسلسل مساجد اور امام بارگاہوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں۔ صرف آپ کے نہیں بلکہ یہ وطن اور انسانیت کے دشمن ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: ہماری خوشیاں اور عیدیں ہوں تو ایک دوسرے کو محبت اور رواداری کے پیغام دینے ہونگے اور امن کے الٰہی پیغام کو عام کرنا ہو گا۔
قابلِ ذکر ہے کہ پروگرام میں برادر اظہار بخاری،مولانا قاسم جعفری ،برادر ملک سجاد حسین ،برادر کاظمی بھی شریک تھے۔ علاوہ ازیں فیڈرل شریعت کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس سید محمد انور شاہ، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل جناب ڈاکٹر قبلہ ایاز، اسلامی یونیورسٹی کے ادارہ تحقیقات اسلامی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاءالحق، علامہ حیدر علوی، بشپ صاحب، فلسطینی وفد کے سربراہ اور دیگران نے بھی خطاب کیا۔
آپ کا تبصرہ