۱۷ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۷ شوال ۱۴۴۵ | May 6, 2024
علامہ ناصر عباس جعفری

حوزہ / چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے چیف جسٹس آف پاکستان کا منصب سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے چیف جسٹس آف پاکستان کا منصب سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بحیثیت چیف جسٹس آف پاکستان ملک میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے میں کسی قسم کے دباؤ کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔

انہوں نے اپنی جاری رکھتے ہوئے مزید کہا: مایوسی اور غیر یقینی کی کیفیت میں مبتلا پاکستانی قوم کو امید دینا اولین ترجیح ہونی چاہیے، ملک کے مفلوک الحال اور مہنگائی سے پسے ہوئے طبقات کے لیے بلا تفریق عدل و انصاف قائم کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا: اعلیٰ عدلیہ کی براہِ راست کاروائی کی طرح انصاف بھی براہِ راست ہوتا ہوا نظر آئے، آئین و قانون کے مطابق فیصلوں سے عدالت کی آزادانہ و غیر جانبدارانہ حیثیت کو بحال کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا: عدلیہ کی تاریخ دباؤ، نظریہ ضرورت اور ذاتی پسند نا پسند کی مثالوں سے بھری پڑی ہے۔ انحطاط زدہ معاشرے میں شدید مسائل سے نبرد آزما ہونا چیف جسٹس کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے، ملک میں ہونے والی سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، سماجی ناانصافی و بے چینی، وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم جیسے مسائل کا خاتمہ ہونا چاہیے، تمام اداروں کا اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے فرائض انجام دینا ہی ملکی ترقی و استحکام کا باعث بن سکتا ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .