۱۶ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۶ شوال ۱۴۴۵ | May 5, 2024
پرچم پاکستان

حوزہ / مرکزی تنظیم عزاداری پاکستان کے سربراہ نے کہا: افواج پاکستان ملک کی سلامتی کی ضامن ہیں ان کے خلاف ہرزہ سرائی ناقابلِ قبول ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مرکزی تنظیم عزاداری پاکستان کے سربراہ ایس ایم نقی نے حالیہ ملکی صورتِ حال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی اور ترقی معتدل اور سنجیدہ رویوں پر منحصر ہے جس طرح بدنظمی اور شر انگیزی کے مظاہر سامنے آئے ان کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا: کسی شہری کو فتنہ و فساد اور خلفشار پھیلانے کی اجازت نہیں۔ کسی بھی طبقے کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ جلاؤ گھراؤ یا املاک کو نقصان پہنچائے۔ جس طرح ریاستی اور حکومتی تنصیبات کو نقصان پہنچایا گیا اور غیر سیاسی رویوں کا اظہار ہوا ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

عزاداری پاکستان کے سربراہ نے کہا: افواج پاکستان ملک کی سلامتی کی ضامن ہیں ان کے خلاف ہرزہ سرائی ناقابلِ قبول ہے۔ آئین و قانون کی پاسداری اور ان کا احترام ہر شہری پر لازم ہے۔ سازشی عناصر اور فتنہ و فساد پھیلانے والے افراد کو قانونی دائرے میں لایا جائے اور آئین و قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

ایس ایم نقی کا کہنا تھا کہ جس طرح ریاست کے خلاف ذہن سازی اور بداخلاقی و بدکلامی پر منحصر ثقافت کو فروغ دیا گیا اس کا نتیجہ حالیہ فسادات کے صورت میں ہمارے سامنے ہے۔ پاکستان کی خوشحالی آئین و قانون پر عملداری میں پوشیدہ ہے جبکہ قوموں کی سربلندی اچھے اخلاق اور مہذب طور طریقوں میں مضمر ہے۔

انہوں نے مزید کہا: ہمارا مطالبہ ہے کہ ہر صورت میں قانون کے مطابق عمل کرتے ہوئے حالیہ فتنہ و خلفشار کا سدباب کیا جائے جبکہ قومی سلامتی و یکجہت اور عوام کی خوشحالی کی ہرممکن کوشش کی جائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .