حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے ملک میں جاری بدامنی، انتشار اور جلاؤ گھیراو پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن احتجاج ہر شہری اور سیاسی جماعت کا آئینی حق ہے، مگر قومی اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔
انہوں نے جلاؤ گھیراؤ کو اسلامی تعلیمات اور آئین پاکستان کی بھی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریڈیو پاکستان، ایمبولینس، آرمی تنصیبات اور پولیس کی گاڑیاں جلانے کا کوئی جواز نہیں بنتا کیونکہ یہ قومی املاک پاکستان کی ملکیت ہیں۔ انہیں نقصان پہنچانا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔
علامہ افضل حیدری نے زور دیا کہ سیاسی قائدین احتجاج پرامن طریقے سے کریں اگر آگ لگے گی تو نقصان سب کا ہوگا۔