۱۲ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۲ شوال ۱۴۴۵ | May 1, 2024
حج تربیتی ورکشاپ

حوزہ/ حوزہ علمیه جامعه المنتظر لاہور پاکستان میں حج تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں عازمین حج نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ جامعہ المنتظر ماڈل ٹاون لاہور پاکستان میں عازمین حج کیلئے تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ کاروان حج المنتظر کے زیر اہتمام ورکشاپ میں عازمین حج میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ علامہ محمد افضل حیدری اور مولانا باقر گھلو نے ورکشاپ کی دو نشستوں میں حج کے فضائل، اہمیت، فلسفہ اور مناسک حج کی ادائیگی کا طریقہ کار بیان کیا اور عملی طور پر سکھایا۔

حج مسلمانوں کی اجتماعی عبادت اور قوت ہے، علامہ افضل حیدری

ورکشاپ میں احرام باندھنے اور طواف کعبہ کا طریقہ بھی بتایا گیا۔ ان امور کو سکھانے کے لئے خانہ کعبہ کا ماڈل، علی مسجد کے اندر علامتی طور پر صفا و مرویٰ کے درمیان سعی کے لئے بھی جگہ بنائی گئی تھی۔

عازمین حج کو سعودی عرب میں حج کے دوران رہائش کے انتظامات اور سفری مشکلات کے بارے میں بھی بتایا گیا اور زور دیا گیا کہ اللہ کی راہ میں سفر میں آنے والی مشکلات کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنا ہوگا، نیز مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں قیام کے ایام کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور زور دیا گیا کہ ہم دوسرے ملک میں جا رہے ہیں۔ اپنے قیام کے دوران وطن عزیز پاکستان کی عزت و ناموس کا خیال رکھیں، کوئی ایسا کام نہ کریں جس سے ملک کے وقار پر حرف آئے۔

ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد افضل حیدری نے کہا کہ حج ایک اجتماعی عبادت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ابراہیم علیہ السلام کے ذریعے دنیا کو حج کی دعوت دی کہ وہ خانہ خدامیں حاضری دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال حج کے موقع پر پوری دنیا سے مسلمان اکٹھے ہوتے ہیں۔ یہ بنیادی طور پر مسلمانوں کا عالمی اجتماع ہے جس سے اسلام کے ماننے والوں کی عوامی قوت کا اظہار ہوتا ہے اور دوسرے مذاہب کو پیغام ملتا ہے۔ اس موقع پر حج کے دوران پیش آنے والے انتظامی امور کے بارے میں کئے گئے سوالات کے جوابات بھی دیئے گئے۔ تربیتی ورکشاپ میں ڈائریکٹوریٹ آف حج کے نمائندے تفضل بخاری اور ضامن علی نے بھی شرکت کی اور تربیت کے انداز کو سراہا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .