۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
حافظ ریاض حسین نجفی

حوزه/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر نے بلوچستان پاکستان میں امیر جماعت سراج الحق پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ہونا چاہیئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی، سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری اور نائب صدر علامہ مرید حسین نقوی نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے پر خود کش حملے اور بلوچستان کے علاقے زرغوان میں فوجی جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ان دہشت گردانہ واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تمام ریاستی اداروں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے رہنماؤں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ تکفیری گروہ دہشت گردوں کی نرسری کے طور پر کام کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے نیٹ ورک کو توڑنا ہوگا، لیکن بدقسمتی سے اب تک ایسا نہیں ہو سکا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو آئین کے مطابق حقوق ملنے چاہئیں، جبکہ حکومت عوام کو روزگار اور خوشحالی دینے کے ساتھ پر امن سیاسی سرگرمیوں کے مواقع بھی فراہم کرے۔

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر نے کہا کہ 2016ء میں اے پی ایس کے واقعہ کے بعد دہشت گردی کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان تشکیل دیا گیا تھا، اس پر عمل درآمد بھی ہونا چاہیئے، لیکن اب تک ریاستی اداروں کی طرف سے خاموشی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ صرف ایک کاغذ کا ٹکڑا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .