۱۵ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۵ شوال ۱۴۴۵ | May 4, 2024
آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

حوزہ/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر نے قرآن مجید کی توہین پر شدید ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ سوئیڈن میں ایک مرتبہ پھر قرآن مجید کی بے حرمتی؛ عالمی امن کو تباہ کرنے کی سازش ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ ہماری بنیادی تین چیزیں، رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم، قرآن مجید اور امامت ہیں۔افسوس دنیا میں ان تینوں پر حملے ہو رہے ہیں۔ کچھ مخالفت غیر ملکی غیر مسلم کرتے ہیں اور کچھ خود کو مسلمان کہلوانے والے کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوئیڈن میں قرآن مجید کی ایک بار پھر بے حرمتی قابل مذمت اور عالمی امن کو تباہ کرنے کی سازش ہے۔ پوری دنیا میں کبھی رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی کردار کشی ہوتی ہے، کبھی قرآن مجید کی بے حرمتی کی جاتی ہے، قرآن مجید کو نذر آتش کیا جاتا ہے، یہ غیر ملکی غیر مسلم تسلسل کے ساتھ کرتے چلے آرہے ہیں۔

آیت اللہ حافظ سید ریاض نجفی نے کہا کہ امام حسین کا غم منانے کی مخالفت بھی کی جاتی ہے، حالانکہ ہم نے بار بار واضح کیا ہے کہ ہم سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کا غم ظلم کو بے نقاب کرنے اور اہل بیت اطہار علیہم السّلام سے محبت کا اظہار کرنے کیلئے مناتے ہیں، ہم کسی کو کچھ نہیں کہتے بلکہ مظلوم کربلا کی عزاداری برپا کرتے ہیں، لیکن پھر بھی رکاوٹیں پیدا کی جاتی ہیں اور کچھ عرصے سے عزاداری کو روکنے کے لئے پولیس کو استعمال کیا جارہا ہے۔

جامع مسجد علی جامعہ المنتظر میں خطبۂ جمعہ میں حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ اس کائنات میں اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات، با اختیار اور قدرتمند بنایا۔ اللہ تعالیٰ ہی جانتا ہے کہ انسان کی پیدائش اور موت کب ہوگی تاکہ انسان کو احساس رہے کہ اللہ ہی ہے کہ جس نے مجھے خلق کیا ہے اور موت کے بعد اسی اللہ کی بارگاہ میں جانا اور ساری زندگی کا حساب دینا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .