۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
ملاقات

حوزه/ تحریک بیداری اُمت مصطفیٰ اور جامعه عروۃ الوثقیٰ کے سربراہ نے منصورہ لاہور میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کی ہے۔

حوزه نیوز ایجنسی کے مطابق، تحریک بیداری اُمت مصطفیٰ اور جامعه عروۃ الوثقیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے منصورہ لاہور میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، علامہ سید جواد نقوی نے بلوچستان میں سراج الحق پر ہونیوالے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی سے نجات پانے کیلئے نچلی سطح پر کام کرنا ہوگا اور اس کیلئے نوجوانوں کی ذہن سازی کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان میں فرقہ واریت کو بڑے پیمانے پر فروغ دے کر خانہ جنگی کی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، اس میں ٹارگٹ کلنگ بھی ہوتی رہی اور املاک کو بھی نشانہ بنایا جاتا رہا۔

سربراہ تحریک بیداری امت مصطفیٰ نے کہا کہ اب بھی دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہے، اس کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء اور عمائدین کو مل کر بیٹھنا ہوگا۔

علامہ جواد نقوی نے کہا کہ رہنماؤں کی ذمہ داری ہے کہ اپنے اپنے پیروکاروں کو امن کی تلقین کریں اور ایک دوسرے کے عقائد کے احترام کی ہدایت کریں۔

اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے علامہ سید جواد نقوی کی منصورہ آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا اصل مسئلہ انصاف کا فقدان ہے، انصاف صرف ان کیلئے ہے جو کروڑوں کے وکیل اور ججز کو راضی کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک شدید سیاسی و معاشی بحران میں دھنس چکا ہے، ریاست کے آئینی ستونوں کے درمیان ٹکراؤ کی صورتحال ہے، حکومت آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عمل پیرا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .