حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سربراہ آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی ان دنوں نجی دورے پر قم المقدسہ ایران میں موجود ہیں، اس موقع پر حوزه علمیه قم کے بزرگ اساتذہ اور علمائے کرام کی ان سے ملاقاتیں جاری ہیں۔
آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی سے ملاقات کرنے والے حوزه علمیه قم کے بزرگوں میں، جامعہ مدرسین حوزہ علمیه قم کے سینئر رکن آیت اللہ محسن فقیہی، آیت اللہ بہاؤالدینی، آیت اللہ سید محمد باقر گلپایگانی، سابق ایرانی پارلمانی رکن اور طلوع مہر یونیورسٹی کے سربراہ حجت الاسلام علی بنائی، حجت الاسلام مسجد جامعی، حجت الاسلام محقق اور حجت الاسلام مدرسی شامل تھے۔
ایرانی بزرگ علمائے کرام نے قم آمد پر، آیت اللہ سید حافظ ریاض حسین نقوی کو خوش آمدید کہا اور علامہ قاضی نیاز حسین نقوی کی رحلت کی مناسبت سے ان کو تعزیت پیش کرتے ہوئے مرحوم و مغفور کے بلندی درجات کیلئے دعا کی اور ان کی دینی اور سیاسی خدمات کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
ملاقات میں حوزہ علمیہ قم کے بزرگ علمائے کرام نے ایران اور پاکستان سمیت عالمی صورتحال اور حوزہ ہائے علمیہ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
قم میں، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سربراہ آیت اللہ حافظ رياض حسين نجفی کے پروگراموں میں حرم حضرت فاطمه معصومه سلام اللہ علیہا میں حاضری، علماء و مراجع عظام کی قبور پر فاتحہ خوانی اور ان کی علمی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرنا بھی شامل ہے۔
آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی نے علامہ قاضی نیاز حسین نقویؒ کے مزار پر حاضری اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سینئر نائب صدر علامہ سید مرید حسین نقوی، مدرسہ الامام المنتظر قم کے پرنسپل حجۃ الاسلام والمسلمین سید محمد حسن نقوی سمیت دیگر علمائے کرام ان کے ہمراہ موجود تھے۔
آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی نے علامہ قاضی نیاز حسین نقویؒ کی قبر پر پھول چڑھائے اور ان کی دینی اور سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔