حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم شعبۂ خواتین کی رہنما محترمہ سیدہ معصومه نقوی نے ولادتِ با سعادت جناب فاطمه معصومه قم (س) کے پر مسرت موقع پر ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت معصومه (س) وہ عظیم ہستی ہیں جن کی زیارت جناب فاطمه زہراء (س) کی زیارت کے مترادف ہے۔
انہوں نے مزید کہا حضرت فاطمه معصومه سلام اللہ علیہا کی ولادت با سعادت کو بیٹیوں کے دن سے منسوب کیا جاتا ہے، بے شک آپ سلام اللہ علیہا کے بابرکت وجود سے سرزمین قم مقدس ٹھہری اور دنیا کے ہر گوشے سے علماء، مشائخ اور مجتہدین قم میں آباد ہوئے اور یہ شہر دنیا کا بہترین علمی و دینی مرکز قرار پایا یہ جناب معصومه قم سلام اللہ علیہا کی ہستی کا نور ہے کہ قم المقدس سے تاریخ کے بہترین اور جید ترین علماء نے کسب فیض کیا اور دنیا کو علوم آل محمد سے روشناس کروایا۔
محترمہ سیدہ معصومه نقوی نے کہا کہ حضرت معصومه قم سلام اللہ علیہا کی شان و منزلت بیان کرنا عام انسان کے بس کی بات نہیں۔ آپ سلام اللہ علیہا کے فضائل آئمہ معصومین علیہم السّلام کے لبہائے اطہر سے جاری ہوئے جن میں آپ کے روضہ کی زیارت کے حوالے سے خصوصی تاکید اور بےشمار فضائل بیان کئے گئے ہیں۔ اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ ہم سب کو اس با عظمت بی بی کی زیارت اور ان کی سیرت پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔