حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران یونیورسٹی میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام والمسلمین کاظم صدیقی نے کہا کہ خدا کی مخلوق کی توہین اور دینی اور انقلابِ اسلامی کے حقائق کی تحریف کرنے والے غلط فہمی کا شکار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی قوم 44 سالوں سے مشکلات کے باوجود، اسلامی جمہوریہ ایران اور انقلابِ اسلامی کی حفاظت اور شہداء کے پاکیزہ خون کے تقدس کو برقرار رکھنے کیلئے ہمیشہ میدان میں حاضر ہے، اس قوم کو اللہ تعالیٰ کے وعدوں پر یقین ہے۔
انہوں نے موجودہ مشکلات اور دشمن کی جانب سے کئی محاذوں پر جنگ مسلط کرنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کامیابی سے بہت ہی نزدیک ہے کیونکہ ہر بڑے کام میں ہدف کے نزدیک پہنچنے کے ساتھ ساتھ مشکلات بھی بڑھ جاتی ہیں۔ عوام نے اللہ کے احکام کو ملک میں نافذ کرنے کیلئے انقلاب برپا کیا تھا، اسی لئے عوام نے ہدف کے حصول میں جتنی بھی مشکلات پیش آئیں استقامت کے ساتھ سامنا کیا ہے۔
حجت الاسلام صدیقی نے کہا کہ دشمن نے عوام کو درپیش مشکلات کو ہمیشہ بڑھا چڑھا کر پیش کیا ہے، تاکہ نظام اسلامی کے بارے میں بدبینی ایجاد کریں، لیکن ایرانی بابصیرت قوم نے ہر دفعہ صبر اور استقامت کا مظاہرہ کرکے اپنے دشمنوں کو مایوس کردیا ہے۔
انہوں نے حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی ولادتِ باسعادت اور عشرۂ کرامت کی مناسبت سے تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمه معصومه سلام اللہ علیہا کا مقام شہدائے کربلا کے بعد امام زادوں میں بے مثال ہے اور اسی وجہ سے اس عظیم المرتبت خاتون کے یوم ولادت کو یوم دختر سے منسوب کیا گیا ہے۔
امام جمعہ تہران نے مزید کہا کہ حکومت اسلامی نے لڑکیوں کو ایک خاص مقام دیا ہے، یہی لڑکیاں بڑی ہوکر ماں بنیں گی اور اپنے دامن میں شہداء کو تربیت دیں گی۔ انہی ماؤں کی گود سے اولیائے الہٰی پروان چڑھتے ہیں، کیونکہ سعادت کی اساس ماؤں کی ممتا ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین صدیقی نے اس بات پر زور دے کر کہا کہ آج عالمی سطح پر سب سے زیادہ ایرانی لڑکیوں کو اہمیت اور مقام حاصل ہے اور یہ مقام دنیا کے کسی دوسرے ممالک کی خواتین اور لڑکیوں کو حاصل نہیں ہے۔