حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، امام جمعہ ملبورن اور شیعہ علماء کونسل پاکستان شعبہ آسٹریلیا کے رہنما علامہ اشفاق وحیدی نے پاکستان میں ایک عرصہ سے جاری سیاسی کشیدگی پر اپنے ایک خصوصی بیان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا: اس کشیدگی سے نہ صرف عوام کو نقصان ہو رہا ہے بلکہ ملک بھی روز بروز غیر مستحکم ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا: تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کا پُرامن احتجاج کرنا ان کا جمہوری اور قانونی حق ہے لیکن ریاست اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ملکی املاک کو نقصان پہنچانا جمہوریت کا حصہ نہیں ہے۔
علامہ اشفاق وحیدی نے کہا: ملکی سالمیت اور ملکی بقاء کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے حکمران اور قائدین ایک میز پر بیٹھ کر پالیسیاں مرتب کریں تاکہ بدلے کی سیاست کو ختم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا: اخلاقی تہذیب اور ایک دوسرے کی عزت و آبرو کا خیال رکھنا جمہوریت ہے۔ جسے بدقسمتی سے اس وقت سیاسی حکمران پامال کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں جس کی بڑی وجہ تربیت کا فقدان ہے۔
علامہ اشفاق وحیدی نے کہا: ایک مدت سے حکمرانوں کے فیصلے عالمی سطح پر پاکستان کے لئے بدنامی کا باعث بن رہے ہیں جو کہ کسی بھی طرح جمہوریت کے مفاد میں نہیں ہے۔ تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے مشاورت کر کے پالیسیاں مرتب کرنے اور اہم اور ملکی مفاد میں فیصلے کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک مستحکم ہو اور سیاسی بحران کا خاتمہ ہو سکے۔