حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی رضا کار فورس الحشد الشعبی نے اپنے قیام کی 9ویں سالگرہ کے موقع پر "M-6" نامی حملہ آور ڈرون کی نقاب کشائی کی۔
ذرائع کے مطابق پہلی بار اس ڈرون کو الحشد الشعبی کے فوجی ساز و سامان اور تنصیبات میں شامل کیا گیا ہے تاکہ عراق کی سلامتی کو برقرار رکھا جا سکے اور اسے یقینی بنایا جا سکے۔
اس ڈرون کی پرواز اور الحشد الشعبی فورس کے آپریشن روم کی تصاویر اور ویڈیوز اس مزاحمتی تنظیم سے وابستہ سوشل نیٹ ورکس پر شائع کی گئی ہیں۔
المنار نیوز چینل کی وبسائٹ نے اس بارے میں لکھا: "الحشد الشعبی میں جدید آلات کی موجودگی عراق میں اس گروہ کی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری کی طرف اشارہ ہے اور یہ عراق میں مخالف کی فوجی تنصیبات کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔"
اس سلسلے میں عراق کے صدر نے بھی گزشتہ روز الحشد الشعبی کے بنا کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عراقی مزاحمتی گروہ کی ہر ممکن مدد کرنے پر زور دیا۔
الحشد الشعبی تنظیم 13 جون 2014 کو موصل میں داعش کے دہشت گردوں کے ورود کے بعد تشکیل دی گئی تھی اور جب دہشت گرد تیزی سے بغداد کی طرف پیش قدمی کر رہے تھے تو اس کی تشکیل آیت اللہ سیستانی کے جہاد کفائی کے فتوے سے ہوئی تھی اور اس تنظیم نے داعش کی شکست میں بڑا کردار ادا کیا۔