پیر 17 فروری 2025 - 09:47
نجف اشرف میں دفاعِ کفایی فتویٰ کی یاد میں ریلی کا انعقاد

حوزہ/ گزشتہ بروز اتوار، بتاریخ 17 شعبان المعظم، نجف اشرف میں تاریخی دفاعِ کفایی کے فتوے کی یاد میں ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ بروز اتوار، بتاریخ 17 شعبان المعظم، نجف اشرف میں تاریخی دفاعِ کفایی کے فتوے کی یاد میں ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔

یہ ریلی جشن ولادت امام عصر (عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف) کے ساتھ ساتھ ماہِ شعبان کے آخری ایام کے پروگراموں کے تحت منعقد کی گئی۔ اس کا آغاز علاقے المیدان سے ہوا اور یہ حرم مطہر امیر المؤمنین حضرت علی (علیہ السلام) پر اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی عتبہ علویہ کی سرپرستی میں مختلف عوامی، دینی اور سماجی اداروں کی وسیع شرکت کے ساتھ منعقد ہوئی۔ شرکاء نے پرچم اٹھا رکھے تھے اور ایسے نعرے بلند کیے جو ایثار اور قربانی کے جذبات کی عکاسی کر رہے تھے۔ اس دوران آیت اللہ العظمی سیستانی کے تاریخی فتوے کو خراج تحسین پیش کیا گیا، جس نے عراق اور اس کے مقدسات کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

عتبہ علویہ کے داخلی روابط کے ذمہ دار کرار موسوی نے کہا: "یہ ریلی آیت اللہ سیستانی کے بابرکت فتوے کی یاد منانے کے لیے منعقد کی گئی ہے۔ یہ فتویٰ ملتِ عراق کو متحد کرنے اور انہیں اپنی سرزمین اور مقدسات کے دفاع کے لیے متحرک کرنے کا باعث بنا۔"

اس تقریب میں حرم امام علی علیہ السلام کے خدام، سرکاری اداروں کے نمائندے، طلبہ و طالبات اور عراق کے مختلف طبقات کے افراد شریک ہوئے۔ حاضرین نے اس مبارک موقع کو یادگار بناتے ہوئے ان جانبازوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے مرجعیت کی آواز پر لبیک کہا۔

ریلی کا اختتام حماسی اشعار اور ترانوں کے ساتھ ہوا جو اس تاریخی فتوے سے وفاداری کا اظہار کر رہے تھے۔ شرکاء نے ان شہداء اور زخمیوں کے لیے بھی دعا کی جنہوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانیں نچھاور کیں۔

واضح رہے کہ دفاعِ کفایی کا فتویٰ 13 جون 2014 (15 شعبان 1435 قمری) کو آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کی جانب سے جاری کیا گیا تھا تاکہ داعش کا مقابلہ کیا جا سکے، جس نے اس وقت عراق کے مغربی اور شمالی علاقوں پر قبضہ جما رکھا تھا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha