حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنانی انٹیلی جنس ایجنسی نے ملک میں داعش کے دہشت گردی نیٹ ورک کو ناکام بنا دیا ہے اور تنظیم کے ایک سرکردہ رکن سمیت متعدد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
لبنانی میڈیا کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے داعش کے ایک رکن، "م.خ" المعروف "ابو سعید الشامی" کو حراست میں لیا ہے، جو شمالی لبنان میں ایک دہشت گردی نیٹ ورک تشکیل دے کر علاقے کو "امارات لبنان" نامی خودساختہ خلافت میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ رپورٹ کے مطابق، یہ شخص عراق اور شام میں داعش کے سرکردہ رہنماؤں سے رابطے میں تھا اور لبنانی نوجوانوں کو اپنی صفوں میں شامل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
لبنانی روزنامہ اللواء نے انکشاف کیا ہے کہ اس نیٹ ورک کے تقریباً 70 اراکین میں سے کم از کم 30 کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ مزید برآں، روسی خبر رساں ایجنسی ریانویستی کے مطابق، یہ دہشت گرد گروہ لبنان میں بم دھماکوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے ان کے تمام عزائم کو ناکام بنا دیا ہے۔
لبنان میں سیکیورٹی حکام اس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ باقی ماندہ افراد کو بھی گرفتار کیا جا سکے اور ملک کو کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔
آپ کا تبصرہ