حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں ایس آئی ایف سی کا قیام، ون ونڈوآپریشن مستحسن اقدام اور طریق کار ہے البتہ جو اقدامات اعلیٰ سطح پر کئے جارہے ہیں ان کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کیلئے مسائل کا تدارک بھی ضروری ہے ۔
انہوں نے کہا: معاشی و داخلی بہتری میں حائل فریب، دھوکہ دہی، بدیانتی، رشوت ستانی جس میں گنجلک رکاوٹوں اور مسائل کے پہاڑوں کو ختم کرنا ہوگا۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹشن کونسل (ایس آئی ایف سی )کے قیام کے ذریعے بیرونی سرمایہ کاری کیلئے راہ ہموار کرنا اور ون ونڈو آپریشن جیسے اقدامات انتہائی مستحسن ہیں بشرطیکہ عملی شکل اختیار کریں۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا: ایس آئی ایف سی کو ایک حکومت اور اجتماعی حکومت کے تصور کے فروغ کے سلوگن کیساتھ جاری کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ اس سے سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں حائل تمام رکاوٹوں کا خاتمہ کیا جائیگا اور مرکزی و صوبائی حکومتوں کیساتھ اداروں میں اشتراک عمل پیدا کیا جائیگا جو لائق تحسین ہے۔
انہون نے کہا: جو اعلان اور پالیسی اعلیٰ سطح پر مرتب کی گئی ہے اسے نچلی سطح تک منتقل کرنا اور مذکورہ بالا مسائل سے چھٹکارہ دلانا انتہائی ضروری ہے۔