۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
زاہد علی آخونزادہ

حوزہ/ ترجمان قائد ملت جعفریہ پاکستان کا کہنا تھا کہ عملی مظاہرہ اس کردار کو نتیجہ خیز اور قابل اعتماد بنانے میں مددگار ثابت ہو گا، منطقی اثرات تبھی مرتب ہو سکیں گے جب پالیسی کو عملی میدان میں نافذ العمل کیا جائے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے ترجمان زاہد علی اخونزادہ نے قائد محترم کے بیان کی روشنی میں اداروں کی جانب سے آئینی کردار پر مکمل کاربند رہنے کو خوش آئند امر سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا عملی میدان میں اس کا مظاہرہ اس کردار کو نتیجہ خیز اور قابل اعتماد بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار اور ڈی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی مشترکہ پریس کانفرنس پر اظہار خیال کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ پاکستان کے ترجمان زاہد علی آخونزادہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور آئی ایس آئی اپنی پیشہ وارانہ تربیت کے حوالے سے دنیا کے بہترین ادارے ہیں جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے وطن عزیر پاکستان کی آئینی سرحدات کی حفاظت کی تاہم ان کے آئینی کردار سے ہٹ کر سرگرمیوں پر نکتہ چینی بھی تاریخ کا حصہ رہی ہے جس کی باقیات تاحال موجود ہیںجن کا ازالہ انتہائی ضروری ہے۔ موجودہ ریاستی اداروں کو آئینی کردار تک رکھنے کے حوالے سے متفقہ اور واضح موقف سے مسائل الجھنے کے بجائے سلجھنے کی جانب بڑھیں گے۔

تاہم انہوں نے اس امر پر زور دے کر کہا کہ اس اعلان کے منطقی اثرات تبھی مرتب ہو سکیں گے جب اس پالیسی کو عملی میدان میں نافذ العمل کیا جائےگاتاکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ انہوں نے اس پالیسی کودیگر اداروں کیلئے قابلِ تقلید قرار دیا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .