۷ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۷ شوال ۱۴۴۵ | Apr 26, 2024
علامہ شبیر میثمی

حوزہ/ مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ سید ناظر عباس تقوی سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری اور لاقانونیت کے خلاف شیعہ علماء کونسل کا کردار تاریخ کا نمائندہ باب ہے اور قائدِ ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی بصیرت افروز قیادت میں شیعہ علماء کونسل پاکستان فلاحی، سماجی، مذہبی اور سیاسی مدار میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لیہ/شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی سربراہی میں مرکزی وفد جنوبی پنجاب کے دورے کے موقع پر لیہ پہنچا۔ وفد میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید ناظر عباس تقوی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ شامل تھے جبکہ ان کے ہمراہ صوبائی آرگنائزر علامہ غلام شبیر حیدری،علامہ نجم الحسنین خان،علامہ احسان علی اتحادی بھی موجود تھے، مرکزی وفد کا چوک اعظم اور لیہ شہر صوبائی رہنماء نیر عباس بخاری، علامہ عامر عباس ہمدانی، علامہ رمضان نعیمی اور دیگر علماء کرام و زعمائے قوم نے عوام کی بڑی تعداد کے ساتھ پرتپاک استقبال کیا۔ اور گاڑیوں کے ایک بڑے قافلے میں جلسہ گاہ راجن پور پہنچایا۔ جہاں بعذازاں ایک جلسہ عام سے مرکزی صوبائی اور مرکزی رہنماؤں نے خطاب کیا۔

اس موقع پر لیہ کی کرسچن کمیونٹی نے قائدِ ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے مرکزی وفد کو خوش آمدید کہا۔ اپنے خطابات میں مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ سید ناظر عباس تقوی سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ شیعہ علماء کونسل پاکستان وطن عزیز میں مظلومین جہان اور ملکی عوام کی موثر اور نمائندہ جماعت ہے جو عوامی خدمت کے جذبہ کے تحت ملک کے کونے کونے میں سرگرم عمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی، بیروزگاری اور لاقانونیت کے خلاف شیعہ علماء کونسل کا کردار تاریخ کا نمائندہ باب ہے اور قائدِ ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی بصیرت افروز قیادت میں شیعہ علماء کونسل پاکستان فلاحی، سماجی، مذہبی اور سیاسی مدار میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے، تاہم انہوں نے موجودہ حکمرانوں کی بعض ناقص اور غیر قانونی پالیسی کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے ملک بھر میں عزاداری سید الشہداء پر کاٹی گئی ایف آئی آرز کی مذمت کی اور واضح کیا کہ قائدِ ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے ہدایات کے مطابق عزاداری سید الشہداء سے ایک انچ بھی پیچھےنہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عزاداری کے خلاف کاٹی گئی ایف آئی آرز فوری واپس لی جائیں۔ بصورت دیگر مجبوراََ ان کو عوامی اجتجاج کے ذریعے آئینی اور قانونی جدوجہد کا راستہ اپنانا ہو گا۔انہوں نے ملک میں مہنگائی بیروزگاری اور لاقانونیت کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کیلئے حکومت کی غیر مؤثر پالیسیوں کو بہتر بنانے کے لیے ملک کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی آراء سے قومی پالیسی تشکیل دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ قبل ازیں مرکزی وفد نے مرجع خلائق سید محمد علی شاہ رحمتہ اللہ علیہ کے مزار اقدس پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .