حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، کافی سالوں سے طلاب اصفہان کی انفرادی و اجتماعی اور مسلسل کوششوں کے باوجود یا عدمِ وسائل یا دیگر مختلف وجوہات کی بنا پر اسکول کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا تھا۔
رپورٹ کے مطابق نمائندہ قائد محترم نے بحیثیت مسئول تشکل شہید عارف الحسینیؒ ہمراہ اراکین تشکل گذشتہ برس خادم کریمہ اہل بیت علیہم السلام جناب سید ناصر عباس نقوی انقلابی اور مہمان خطیب محترم حجت الاسلام و المسلمین سید شفقت نقوی کے ساتھ نشست کے دوران اس بنیادی مشکل کے حل کے لئے تعاون میں اپیل کی تھی۔ جس پر جناب ناصر انقلابی اور قبلہ شفقت نقوی کی مسلسل کوششوں سے ایک مخیر محترم کے تعاون سے اسکول کے ابتدائی مراحل بخوبی انجام پائے اور اب اسکول کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔
اسکول میں جدید تقاضوں کے مطابق دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآنی تعلیمات کا بھی مکمل اہتمام کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ دفتر قائد محترم کی طرف سے بچوں کی تعلیمی فیس میں تقریبا نصف سے زیادہ تعاون کے ساتھ ساتھ دیگر لوازمات پر بھی خرچ کیا جانا قرار پایا ہے۔
افتتاحی تقریب کے دوران نمائندہ قائد محترم اور مسئول امور مالیات مولانا سید علی جعفر کاظمی، سینئر رکن دفتر ہذا مولانا حافظ غلام کبریا خان اور طلاب اصفہان سے مولانا سرور عابدی و مولانا منتظر مہدی رضوی بھی ہمراہ تھے۔