۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی کی مومنین کے ہمراہ جلوس عزاء فاطمیہ میں شرکت

حوزہ/ حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی: ہر سال عزاء فاطمیہ کا اہتمام ہر قسم کے ظلم و ستم اور دہشت گردی سے برأت کا اعلان ہے چاہے وہ کسی بھی شکل و صورت کسی بھی زمانے اور جگہ ہی سے مرتبط کیوں نہ ہوں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف/ مرجع مسلمین آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی نے غمگین فضا میں کثیر تعداد میں جلوس عزاء فاطمیہ میں شریک عزاداروں کی قیادت فرمائی کہ جو جلوس غم کی صورت مرکزی دفتر نجف اشرف سے نکل کر حرم حضرت امیر المؤمنین علیہ السلام پر اختتام پذیر ہوا۔

عزاداروں نے حضرت امام زمانہ عج کو ان کی مظلومہ جدہ ماجدہ کا اور حضرت امیر المؤمنین علیہ السلام کو حضرت فاطمہ زہراء علیھا السلام کی مظلومانہ شہادت کی تعزیت اور پرسہ پیش کیا ۔

جلوس غم میں حوزہ علمیہ کے افاضل علماء اساتذہ مختلف ممالک اور زبانوں سے تعلق رکھنے والے طلاب کرام کے علاوہ عراقی قبائل کے وابستگان مواکب حسینیہ میں خدمت انجام دینے والے حضرات مومنین مختلف صوبوں سے آئے عزاداروں کے علاوہ عتبات عالیات کے نمائندوں نے شرکت فرمائی ۔

اس موقع پر مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی نے فرمایا کہ عزاء فاطمیہ کا اہتمام اور اس کی بقا حقیقی اسلام محمدی کی بقا ہے ، اور یہ اہل بیت علیھم السلام سے ولایت کی تجدید بھی ہے ، انہوں نے مزید فرمایا کہ حضرت فاطمہ زہراء علیھا السلام نے اپنے بابا ؐ کے دین کے دفاع اور اسکے تحفظ کی خاطر ہر طرح کے مصائب و آلام اور دہشت گردی کا سامنا کیا ، حضرت فاطمہ زہراء علیھا السلام پر ڈھائے گئے مظالم بعد میں اہلبیت علیھم السلام پر ڈھائے گئے مظالم کی ابتداء تھی ۔

انہوں نے مزید فرمایا کہ حضرت فاطمہ زہراء علیھا السلام انسان اور انسانیت کے لئے نمونہ عمل ہیں اور اللہ جس طرح کے انسان کو پسند کرتا ہے اور جیسا انسان چاہتا ہے اس انسان کی کمال حقیقی کی عظیم مثال ہیں ، ان کی مرضی خدا کی مرضی ان کا غضب خدا کا غضب ہے لازمی ہے کہ ہر مومن خاص کر صنف نسواں ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلے اور بحیثیت بیٹی بحیثیت زوجہ بحیثیت ماں اپنی زندگی میں انہیں ؑ مثال قرار دیں۔

دوسری جانب آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی کے فرزند اور مرکزی دفتر کے مدیر حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی نے اپنے بیان میں فرمایا کہ اس جلوس عزاء فاطمیہ کا ہر سال اہتمام کیا جاتا ہے جس میں عزادار حضرت امیر المؤمنین علیہ السلام اور حضرت امام زمانہ عج کی خدمت میں حضرت فاطمہ زہراء علیھا السلام کی مظلومانہ شہادت کا پرسہ اور تعزیت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید فرمایا کہ ہر سال عزاء فاطمیہ کا اہتمام ہر طرح کے ظلم و ستم اور دہشت گردی سے برأت کا اعلان ہے چاہے وہ کسی بھی زمانے جگہ اور کسی بھی صورت و شکل ہی میں کیوں نہ ہو ۔

انہوں نے مزید فرمایا کہ حضرت فاطمہ زہراء علیھا السلام کے حق میں جو جرم ہوا وہ درحقیقت انسان اور انسانیت کے حق میں جر م ہے ۔

انہوں نے حضرات افاضل علماء طلاب قبیلوں کے سربراہان اور معاشرے کے ہر طبقے کا افراد کا اس عزاء فاطمیہ میں شرکت پر شکریہ ادا کیا ۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .