۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
ایک نومسلم خاتون

حوزہ/ جب سے حجاب اور چادر پہننا شروع کی ہے بہت اچھا محسوس کرتی ہوں،جیسا کہ خداوند متعال نے قرآن کریم میں ارشاد فرمایا کہ ’’حجاب تمہارا محافظ ہے ‘‘؛میں نے اپنے دل کی گہرائیوں سے اس حفاظت اور امنیت کو محسوس کیا ہے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آستان قدس رضوی کے ادارہ بین الاقوامی امور کی میزبانی میں کولمبیا کی نومسلم خاتون روضہ منورہ امام رضا علیہ السلام کی زیارت سے مشرف ہوئی ، وہ اس دوران زیارت کے بارے میں اپنے جذبات کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ جب حرم امام رضا(ع) میں داخل ہوئی تو ایسے لگا جیسے امام(ع) نے مجھےمدعو کیا ہے اور امام میرے استقبال کے لئے تشریف لائے ہیں اسی وجہ سے میرا پورا وجود عشق و محبت اور امید سے لبریز ہوگیا۔

محترمہ کلوڈیو رامونا تابرس جو کہ چند سالوں سے دین مبین اسلام کو قبول کر چکی ہیں،آج آستان قدس رضوی کے ادارہ بین الاقوامی امور کی مہمان تھیں،انہوں نے آستان نیوز کے رپورٹر کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں کولمبیا میں پیدا ہوئی لیکن اس وقت جرمنی میں رہائش پذیر ہوں اور اسلام لانے سے پہلے عیسائی مذہب کی پیرو کار تھی۔

انہوں نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ دین اسلام کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش میں رہتی تھی اسی لئے دین اسلام سے متعلق مطالعہ اور اسٹڈی وغیرہ کیا کرتی تھی۔

محترمہ کلوڈیو نےاپنے بچپن کی یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ بچپن میں کھیل کود کے دوران اکثرچھوٹی سی چادر سر پر رکھتی تھی اور مسلم خواتین کی طرح حجاب پہننا پسند کرتی تھی لیکن میری ماں میرے اس کام سے ناخوش تھیں اور ہمیشہ مخالفت کرتی تھیں۔

اس نومسلم خاتون نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ اور یوٹیوب کے ذریعہ مطالعہ اور ریسرچ کرنے سے مجھے پتہ چلا کہ مسلمان نماز پڑھتے ہیں اور پھر میں نے نماز پڑھنے کا طریقہ سیکھا،اگرچہ میرے خاندان والے ہمیشہ مجھے ڈانٹا کرتے تھے لیکن خفیہ طور پر میں نے دین اسلام کو قبول کر کے مسلمان ہوگئی۔

انہوں نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں نے خدا سے دعا کی ہے کہ وہ مجھے درپیش مشکلات کا مقابلہ کرنےکی طاقت عطا کرے تاکہ اپنے مقاصد میں کامیاب ہو سکوں، اس راہ میں مجھے یقین ہے کہ خداوند متعال نے میری آوازسنی ہے اور ہمیشہ میرے ساتھ اور میرا مددگار ہے اور اس طاقت سے جو اللہ نے مجھے عطا کی ہے اس راہ پر ہمیشہ چلتی رہوں گی۔

اس نو مسلم خاتون نے اسلام کو بھائی چارہ،محبت اور امن کا دین قرار دیتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم نے بھی اسلام کو امن اور باہمی میل جول کا دین قرار دیا ہے اور ہمارے پیغمبر(ص) حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی رحمت و رأفت کے پیغمبر ہیں اور انہوں نے ہمیں اچھے اخلاق کی تعلیم دی ہے ۔

محترمہ کلوڈیو نے مزید یہ کہا کہ جب سے حجاب اور چادر پہننا شروع کی ہے بہت اچھا محسوس کرتی ہوں،جیسا کہ خداوند متعال نے قرآن کریم میں ارشاد فرمایا کہ ’’حجاب تمہارا محافظ ہے ‘‘؛میں نے اپنے دل کی گہرائیوں سے اس حفاظت اور امنیت کو محسوس کیا ہے ۔

یہ اپنے خاندان کی واحد مسلم خاتون ہیں ،اپنے ملک کی عوام کو اسلام کی طرف راغب کرنے سے متعلق کہتی ہیں کہ میں دین مبین اسلام کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہوں ،اس آسمانی دین کی خصوصیات کو بیان کر تی ہوں تاکہ دوسرے لوگ بھی اس دین پر ایمان لائیں اور ہمیشہ اس کام کو جاری رکھوں گی۔

محترمہ کلاڈیو روضہ منورہ امام رضا(ع) میں حاضر ہونے پر اپنے جذبات کو کچھ یوں بیان کرتی ہیں کہ جب حرم امام رضا(ع) میں داخل ہوئی تو ایسے لگا جیسے امام(ع) نے مجھےمدعو کیا ہے اور میرے استقبال کے لئے تشریف لائے ہیں اسی وجہ سے میرا پورا وجود عشق و محبت اور امید سے لبریز ہوگیا۔

انہوں نے تمام مسلم خواتین کو نصیحت کی کہ فقط صراط مستقیم پر چلنے کی کوشش کریں اور اس راہ پر صبر وحوصلہ سے ڈٹی رہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .