حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، عراقی عالم دین آیت اللہ محمد یعقوبی نے تازہ دنیا سے جانے والے مؤمنين کے ورثاء کے متعلق بعض رسومات پر اعتراض کرتے ہوئے کہا: مؤمنین کو صاحب عزا کے گھر سے کھانا نہیں کھانا چاہئے کیونکہ یہ رسم پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ان کے اہل بیت علیھم السلام کی سنت کے خلاف اور صاحب عزا کے غم میں اضافے کا باعث ہے۔
انہوں نے مزید کہا: مؤمنین کو چاہئے کہ وہ صاحب عزا گھرانے کے افراد کے لیے کھانا تیار کریں تاکہ ان کی مصیبت کو کم کر سکیں جیسا کہ پیغمبر اکرم صلی اله علیه وآله وسلم نے دستور دیا تھا کہ شھید جعفر طیار رضوان اللہ تعالی علیه کے اہل خانہ کے لیے کھانا تیار کیا جائے۔
آیت اللہ یعقوبی نے کہا: بعض اوقات دیکھا جاتا ہے کہ مرحوم کے اموال سے مہمانوں کی ضیافت وغیرہ کا اہتمام کیا جاتا ہے جبکہ ممکن ہے مرحوم کے وارث اس کام پر راضی نہ ہوں تو اس صورت میں یہ چیز "تصرف فی مال الغیر" کے زمرے میں آتی ہے جو کہ قطعا درست نہیں بلکہ حرام ہے۔