۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
پاکستان

حوزہ/ پریس کلب کوئٹہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان میں کسی کو بھی انتشار اور فرقہ واریت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائیگی، اور ہم ملک کیخلاف دشمن کے کسی ایجنڈے و سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس علماء پاکستان کے زیر اہتمام پریس کلب کوئٹہ میں پیغام پاکستان امن کانفرنس منعقد کی گئی۔ جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان اور خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی۔

اس موقع پر علامہ سید ہاشم موسوی، شیخ ولایت حسین جعفری، ڈاکٹر محمد حسین حسینی، مولانا انوار الحق حقانی، ڈاکٹر عطاء الرحمٰن، قاری عبدالحفیظ، قاری عبدالرشید ہزاروی، مفتی محمد روزی خان، پادری سائمن بشیر، سردار جسبیر سنگھ، قاری مہراللہ سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علماء کرام و مشائخ عظام، معروف سماجی و سیاسی شخصیات اور صحافی حضرات نے شرکت و خطاب کیا۔

کانفرنس سے مولانا محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام دین امن ہے۔ جو احترام انسانیت، مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور تشدد سے پاک معاشرے کا درس دیتا ہے۔ پیغام پاکستان کے فروغ کیلئے منبر و محراب کی بھرپور تائید سے دشمن کی ناپاک سازشیں ناکام ہوئیں ہیں۔ پیغام پاکستان، پاکستان کا وہ عظیم بیانیہ ہے جس نے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی کمر کو توڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان متحد ہے اور ہمیشہ متحد رہے گا۔ دشمن طاقتوں کا ناپاک ایجنڈا پاکستان میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ دشمن طاقتیں ہمیں لڑا کر اور انتشار پیدا کرکے ہمیں کمزور کرنا چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا۔ پاکستان عالم اسلام کا قلعہ ہے۔ افواج پاکستان اور سکیورٹی اداروں نے پاکستان کی سلامتی و دفاع کیلئے بے مثال قربانیاں دے کر وطن کے دفاع کو مضبوط بنایا ہے۔ پاکستان کے تحفظ و سلامتی کیلئے تمام علماء کرام اور پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ بلوچستان کے عوام غیور، ایماندار اور محب وطن ہیں۔ بلوچستان کے لوگوں نے پاکستان کیلئے ہمیشہ عظیم قربانیاں پیش کیں ہیں۔ پیغام پاکستان وہ عظیم بیانیہ اور فتویٰ ہے جس کو علماء کرام و مشائخ عظام منبر و محراب کے ذریعے ہر گھر کی آواز بنا دیں گے۔

پاکستان کی سلامتی و تحفظ کیلئے ہم سب ایک ہیں اور اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اپنے ملک کو مضبوط اور مستحکم بنائیں گے۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملک کے تحفظ، امن و استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا حالیہ بیان پوری پاکستانی قوم کی ترجمانی ہے۔ نگراں وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ نے نیو ائیر نائٹ پر پابندی لگا کر غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا ثبوت دیا ہے۔ آج پوری امت مسلمہ فلسطین و غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ غزہ کے مظلوم لوگوں کے ساتھ تعاون کرنا ہم سب پر فرض عین ہے۔

تقریب سے دیگر علماء کرام و مشائخ عظام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیغام پاکستان امن کانفرنس پورے پاکستان کیلئے امن و محبت کا پیغام ہے۔ پاکستان میں کسی کو بھی انتشار اور فرقہ واریت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور ہم ملک کے خلاف دشمن کے کسی ایجنڈے و سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ بلوچستان کا استحکام پاکستان کا استحکام ہے۔ ہم اپنے ملک کو مضبوط سے مضبوط تر بنائیں گے۔ پیغام پاکستان وقت کی اہم ضرورت ہے۔

کانفرنس کے آخر میں ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی، عالم اسلام کے اتحاد، مقدس مقامات کے تحفظ، غزہ و فلسطین کے مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعاء کی گئی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .