جمعہ 24 نومبر 2023 - 13:34
پوری امت مسلمہ فلسطین و غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے، مظلوم مسلمانوں کی مدد ہم پر فرض ہے، مولانا عبدالخبیر آزاد

حوزہ/ ملتان میں مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ میں جو انسانی حقوق کی پامالی کر رہا ہے اس کے ظلم کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، اسرائیل غزہ میں الشفاء اور القدس ہسپتالوں اور غزہ کے معصوم بچوں و خواتین پر مسلسل بمباری کر رہا ہے، اقوام متحدہ، او آئی سی اور یورپی یونین اسرائیلی جنگ بندی کرانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس علماء پاکستان کے زیراہتمام ملتان کے ہوٹل میں پیغام پاکستان امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کا عنوان پاکستان میں قیام امن کیلئے منبر ومحراب کا کردار، دہشت گردی کا خاتمہ، مذہبی ہم آہنگی اور پیغام پاکستان کا فروغ تھا، کانفرنس کی صدارت چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان، خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور، چیئرمین مجلس علماء پاکستان مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی۔

اس کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام و مشائخ عظام اور سماجی شخصیات نے شرکت و خطاب کیا۔ جن میں مولانا پیر مسعود قاسم قاسمی، بشپ آف ملتان بشپ یوسف سوہان، مولانا عبدالحق مجاہد، مولانا فاروق خان سعیدی، علامہ ڈاکٹر سید کاظم نقوی، پیر سید ابو الحسن گیلانی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، ملک خاور حسنین بھٹہ، مظہر جاوید، مخدوم عباس شمسی، سید اصغر عباس نقوی، حافظ محمد کاشف، مولانا محمد ابراہیم مہروی، مولانا ہارون ہاشمی، مولانا عبدالقادر رضوی، مولانا محمد عارف، مفتی حافظ حامد علی اعوان، پیر خضر حیات ساجد، مولانا محمد عبداللہ فرید، مولانا سیف اللہ خالد، مولانا حامد حامدی، علامہ ظفر حسین حقانی، مولانا جلیل الرحمن صدیقی، میاں اجمل عباس، چوہدری مزمل، سید عبدالبصیر آزاد، عبدالخالق مرالی، ظفراللہ جان و دیگر حضرات شامل تھے۔

مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملتان شہر اولیاء ہے محبت کرنے والوں کی سرزمین ہے، آئیں اولیاء کے پیغام امن و محبت کو لوگوں تک پہنچانے کا ذریعہ بنیں، پاکستان متحد ہے اور ہمیشہ متحد رہے گا، ہم پاکستان میں دشمن طاقتوں کا ناپاک ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہم ایک متحد قوم بن کر ہی دشمن کو شکست دے سکتے ہیں، ہمارا دشمن بڑا چالاک، عیار اور مکار ہے، ہم دشمن کی چال کو سمجھتے ہیں، دشمن ہمیں آپس میں لڑا کر انتشار پیدا کرکے کمزور کرنا چاہتا ہے اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، پیغام پاکستان، پاکستان کا وہ عظیم بیانیہ ہے جس نے دہشت گردی، انتہاء پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا ہے، علماء کرام منبر و محراب کے ذریعے مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور پیغام پاکستان کے پیغام کو عام کریں۔

مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ افواج پاکستان سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات میں تمام مکاتب کے جید علماء کرام ومشائخ عظام نے پاکستان میں فرقہ واریت، دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے اور مذہبی ہم آہنگی و پیغام پاکستان کے فروغ کیلئے اپنی مکمل حمایت کا اعلان کیا، پاک فوج صرف پاکستانی قوم کی ہی نہیں بلکہ عالم اسلام کا فخر ہے، افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں نے پاکستان کی سلامتی کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں جسے پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، علماء کرام اور پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فلسطین و غزہ میں قتل عام کر رہا ہے، اسرائیل غزہ میں جو انسانی حقوق کی پامالی کر رہا ہے اس کے ظلم کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، اسرائیل غزہ میں الشفاء اور القدس ہسپتالوں اور غزہ کے معصوم بچوں و خواتین پر مسلسل بمباری کر رہا ہے، اقوام متحدہ، او آئی سی اور یورپی یونین اسرائیلی جنگ بندی کرانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے، فلسطین و غزہ میں خوراک، ادویات اور امداد پہنچانے کیلئے راستوں کو انسانی ہمدردی کیلئے کھولا جائے، زخمیوں کے علاج اور خوراک کی قلت دور کرنا ہوگی، آج پوری امت مسلمہ غزہ و فلسطین کے مظلوم و غیور مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

آخرمیں فلسطین و غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی، عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، پاکستان کی ترقی وخوشحالی اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعاء کی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .