۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
ڈاکٹر ایرج الہٰی

حوزہ/ انقلاب اسلامی کی45 ویں سالگرہ کے موقع پر ہندوستان میں ایرانی سفارتخانہ کی جانب سے منعقد تقریب میں مختلف ممالک کے سفراء اور معززین کی شرکت۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،نئی دہلی/انقلاب اسلامی کی 45 ویں سالگرہ کی فتح اور تقریبات کے موقع پر ہندوستان میں ایرانی سفارتخانہ کی جانب سے دہلی میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں حکومت ہند کے ساتھ ساتھ نئی دہلی میں موجود مختلف ممالک کے سفراء نے شرکت کی اور اسلامی جمہوریہ ایران کو مبارکباد پیش کی۔

ہوٹل شنگریلا میں منعقد تقریب کے دوران ہندوستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر ایرج الہٰی نے معززین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام کی حمایت سے امام خمینیؒ کی قیادت میں انقلاب اسلامی نے بادشاہی نظام کو اکھاڑ پھینکا اور ایک ایسا نظام قائم کیا جو مقدس اسلامی قانون اور عوام کے ووٹ پر مبنی ہو۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا ووٹ ہر فیصلے کی بنیاد ہے اور ایران کے عوام نے گزشتہ 45 سالوں کے دوران 40 سے زائد انتخابات میں حصہ لے کراپنی مرضی کی حکومت کا انتخاب کیا۔

ڈاکٹر ایرج الہٰی نے کہا کہ گزشتہ چار دہائیوں میں ایران کے عوام اور حکومت نے مسلط کردہ جنگ، دہشت گردی، اقتصادی پابندیوں یا اقتصادی دہشت گردی اور زیادہ سے زیادہ دباو جیسے کئی شدید طوفانوں کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور فتح کی بلندیوں کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ آج جب ہم اسلامی انقلاب کی 45 ویں سالگرہ منا تے ہوئے کافی فخر محسوس کرتے ہیں کہ ایران نے مختلف سائنسی، اقتصادی اور تکنیکی شعبوں میں غیر معمولی ترقی کی ہے۔ زرعی مصنوعات، صنعتی مصنوعات، نینو ٹیکنالوجی، ایرو اسپیس ٹیکنالوجی اور پرامن ایٹمی توانائی کی پیداوار میں خود کفالت ایران کی چند کامیابیاں اور صلاحیتیں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ ایران نے بیک وقت تین تحقیقی سیٹلائٹس خلا میں بھیجے اور خلائی طاقت بننے کی طرف قدم بڑھائے۔ ڈاکٹرایرج الہٰی نے کہا کہ آج ایران میں خواندگی کی شرح 95 فیصد سے زیادہ ہے اور ایران سائنسی کامیابیوں کے لحاظ سے 200 ممالک میں 16 ویں نمبر پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب نے ایران میں خواتین کی پوزیشن کو اس طرح بہتر کیا ہے کہ اس وقت 55 فیصد طلباء، 40 فیصد ڈاکٹر اور 33 فیصد یونیورسٹی پروفیسر خواتین ہیں اور تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ دوسری طرف ایران کی خارجہ پالیسی انقلاب اسلامی کے اصولوں اور اقدار پر مبنی ہے اور دنیا بھر کی مظلوم قوموں کے لیے مشعل راہ ہے، ایران ظلم کے خلاف کھڑے ہونے کو اپنے بنیادی اصولوں میں شمار کرتا ہے۔ اس بنا پر اسلامی جمہوریہ شروع سے اب تک ہمیشہ فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔

ہندوستان کے حوالے سے ڈاکٹر ایرج الہٰی نے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے درمیان تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے۔ فارسی کے خوبصورت اشعار آج بھی ہندوستان کے کونے کونے میں پڑھے جاتے ہیں۔ ہندوستان نے ایک مہربان بزرگ کی طرح صدیوں سے فارسی زبان کو اپنے دل میں محفوظ رکھا ہے اور ہندوستان کے فارسی شاعروں نے فارسی شاعری کے عروج میں بہت بڑا تعاون کیا ہے۔ ہندوستان کی تعلیمی پالیسی میں فارسی زبان کو 9 سرکاری زبانوں میں سے ایک کے طور پر تسلیم کرنے میں ہندوستانی حکومت کا قابل قدر اقدام لائق تحسین اور احترام کا مستحق ہے۔

تقریب کے مہمان خصوصی بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے وزیر مملکت شریپد نائک نے انقلاب اسلامی کی 45 ویں سالگرہ کے موقع پر ایرانی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے دوست ممالک میں ایران کا ایک خاص مقام ہے کیونکہ ہندوستان اور ایران کے عوام ایک دوسرے کو عزیز رکھتے ہیں اور اپنی تہذیب وثقافت کا اشتراک کرتےہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی کی قیادت والی حکومت کی کوشش ہے کہ تمام دوست ممالک کے ساتھ ہرطرح کے روابط مستحکم ہوں تاکہ ہمارے عوام خوشحال زندگی گزارسکیں۔

تقریب میں عراق، شام سمیت متعدد ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے معزز سفراء نے ڈاکٹر ایرج الہٰی سے ملاقات کی اور آزادی کی خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایرانی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ایران کی خارجہ پالیسی دنیا بھر کی مظلوم قوموں کیلئے مشعل راہ ہے: ڈاکٹر ایرج الہٰی

تبصرہ ارسال

You are replying to: .