۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 28, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ / قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 3 شعبان المعظم نواسہ پیغمبر اکرم (ص)، محسن انسانیت حضرت امام حسین علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 3 شعبان المعظم نواسہ پیغمبر اکرم (ص)، محسن انسانیت حضرت امام حسین علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر کہا: حضرت امام حسین ابن علی علیہما السلام کایوم ولادت تمام انسانیت کیلئے مسرت کا دن ہے۔

انہوں نے کہا: آپ علیہ السلام کی سیرت کا ہر پہلو عالم انسانیت کی رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے کیونکہ آپ علیہ السلام نص قرآنی کے مطابق فرزند رسول (ص) ہیں اور آپ کی حیات مبارکہ رسول معظم (ص) سے اکتساب کا فیض ہے اور جو زندگی سیرت رسول (ص) کا عین عکس اور اور مجسمہ ہو اس کا ہر فعل اور اقدام احکام الہی کے تابع ہوتا ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: حضرت امام حسین علیہ السلام کے ساتھ پیغمبر اکرم (ص) کی محبت اور وابستگی کا ایک مقصد ہے۔ رسول خدا (ص) نے امام حسین علیہ السلام کو اپنے اور خود کو امام حسین علیہ السلام سے قرار دے کر عالم انسانیت پر واضح کردیا کہ ان دونوں ہستیوں کا باہمی تعلق انتہائی گہرا اور راسخ ہے لہذا نبوت و و لایت کے پاکیزہ گھرانے میں پرورش پانے والی اس پاکیزہ ہستی کی سیرت و کمالات کا مطالعہ اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہی ہمیں گناہ آلود معاشرے کو اعلیٰ اقدار اور جذبہ حریت کے ذریعے صالح معاشرے میں ڈھالنے کے لئے رہنمائی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا: فرزند رسول اکرم (ص) حضرت امام حسین علیہ السلام نے عادلانہ نظام کے قیام، اسلامی شعائر و اقدار کے فروغ اورامر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے لئے ایسی جدوجہد کی جو تاقیامت ہر حریت پسند اور صاحب عمل کے لئے رہنمائی کا مینار قرار پاتی رہے گی۔

علامہ ساجد نقوی نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ حضرت امام حسین علیہ السلام کے الہی، آفاقی اور مجاہدانہ کردار کو مشعل راہ بناتے ہوئے عالم اسلام کے مسائل کو حل کریں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .