۲۷ فروردین ۱۴۰۳ |۶ شوال ۱۴۴۵ | Apr 15, 2024
مجلس وحدت مسلمین پاکستان

حوزہ/ اسلام آباد پاکستان، ایم ڈبلیو ایم نے قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے کیس میں وکیل مقرر کرنے کے لئے الیکشن کمیشن سے وقت مانگ لیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد پاکستان، قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے کیس میں ایم ڈبلیو ایم نے وکیل مقرر کرنے کے لئے الیکشن کمیشن سے وقت مانگ لیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان کے بیان کے مطابق، قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے کیس میں ایم ڈبلیو ایم کا نمائندہ الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوا ہے، الیکشن کمیشن نے تمام پارلیمانی جماعتوں کو کیس میں فریق بنانے کا حکم جاری کیا تھا، آج کی سماعت کو ملتوی کرنے کے لیے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کی جانب سے درخواست کی گئی تھی، جس میں الیکشن کمیشن سے استدعا کی گئی ہے کہ اسے وکیل مقرر کرنے کے لیے وقت دیا جائے، کمیشن کے حکم پر تحریری درخواست کمیشن میں جمع کروا دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کو مخصوص نشستیں ملنا قانونی و آئینی حق ہے، جو جماعتیں اپنی مخصوص سیٹیں حاصل کر چکی ہیں انکی جانب سے باقی ماندہ نشستوں کے لیے کوشش کرنا غیر قانونی و غیر اخلاقی اقدام ہے، صدر پاکستان کی جانب سے اجلاس بلانے سے پہلے مخصوص سیٹوں کا معاملہ حل کرنے کا نوٹ آئین وقانون کے عین مطابق ہے، سیاسی جماعتوں کو چاہیئے کہ بندر بانٹ کی پرانی روش کو ترک کرتے ہوئے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے ڈاکہ زنی سے باز رہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .