۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
مولانا جاوید حیدر زیدی زیدپوری

حوزہ/ عید الفطر کا دن مسلمانوں کے لئے اطاعت خدا کی توفیق نصیب ہونے پر اظہار تشکر اور اپنے محاسبے اور احتساب کا دن ہے۔

تحریر : مولانا جاوید حیدر زیدی

حوزہ نیوز ایجنسی | عید الفطر کا دن مسلمانوں کے لئے اطاعت خدا کی توفیق نصیب ہونے پر اظہار تشکر اور اپنے محاسبے اور احتساب کا دن ہے۔ اس روز اگر ہم اپنے گذشتہ سال کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کی ادائیگی کا جائزہ لیں اور اپنی کوتاہیوں کا اعتراف کریں تو ہم خود احتسابی کا عمل جاری کرکے اپنی ذاتی اور معاشرتی اصلاح کا فریضہ انجام دے سکتے ہیں اور پھر دنیا کو حسین جنت بناسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عید کے دن فقط رمضان المبارک کے اختتام اور روزہ کے روحانی فوائد حاصل کرکے مسرت کا اظہار کرنا ہی کمال نہیں بلکہ یہ دن ہمیں اپنے ارد گرد، سماج و معاشرے میں موجود معاشرتی مسائل کی طرف بھی متوجہ کرتا ہے کہ جس طرح ہم رمضان المبارک میں عبادت اور تزکیہ نفس کے ذریعے اپنی ذاتی اصلاح کی کوشش کرتے ہیں اور پھر اس کوشش کی کامیابی کا انعام عید کی صورت میں پاتے ہیں اسی طرح اجتماعی اصلاح کی کوششوں اور معاشرے کو تمام مسائل سے نجات دلانے کا آغاز کرنے کا عہد بھی عید کے دن کیا جانا چاہیے۔ ہم صحیح معنوں میں تب ہی عید منانے کے حقدار ہوں گے جب ہمارے معاشروں میں معاشرتی جرائم، گناہوں، برائیوں اور مشکلات کے خاتمے کی اُمید واثق ہوجائے گا، مظلومین، محرومین اور پسے ہوئے طبقات کو ان کے حقوق ملنے شروع ہو جائیں گے اور معاشرے میں عادل و انصاف اسلامی روایات اور امن و امان کے قائم کے آثار آنے لگے۔ احترام آدمیت اور انسانی ہمدردی کا تقاضا ہے کہ خوشی و مسرت کے جائز ذرائع سے استفادہ کیا جائے اور ایسا انداز اختیار نہ کیا جائے جس سے غریب، پسماندہ، غم زدہ اور پریشان حال بھائیوں کو تکلیف محرومی اور دکھ کا احساس ہو۔ ہمیں برائیوں اور منکرات سے بچنا بھی بہت ضروری ہے۔

۔۔۔اپنی خوشی میں دوسروں کو شریک کریں۔۔۔۔

آپ اندازہ فرمائیں کہ جب خاص عید کے دن یہ بے چارے غریب بچے آپ کے بچوں کوہنسی خوشی کھیلتے کودتے، اچھے کپڑے پہنے ہوئے دیکھتے ہونگے توکیا ان کواپنی غربت کا احسا س نہیں ہوتا ہوگا؟ جن بچوں کے پاس عیدی کے نام پر ایک پیسہ بھی نہ ہو اچھے کپڑے نہ ہوں اورخواہشات کی تکمیل کے ذرائع نہ ہوں توظاہر ہے ان کے دل کوٹھیس ضرور پہونچے گی۔ اس لیے ہماری آپ کی سب کی ذمے داری ہے کہ ہم اپنے ساتھ دوسروں کو بھی اپنی خوشی میں شریک کریں، نادار بچوں کو عیدی تقسیم کریں، ان کے گھروں پر سوئیاں اور مٹھائیاں بھجوائیں، ان کو مبارک باد پیش کریں، ان سے نرمی کا برتاؤ کریں اوران سے مساوات کارویہ اپنائیں تا کہ ان کو بھی سماج میں اپنے وقار اور عظمت کا احساس ہو اور وہ اچھے شہری ثابت ہوسکیں اور وہ بھی عید الفطر کی خوشی میں شامل ہوجائیں۔ اگر آپ اپنے معاشرے کی فلاح چاہتے ہیں اس کو ترقی سے ہم کنار دیکھنا چاہتے ہیں تو اس عید الفطر کے دن سے زیادہ کوئی اچھا موقع فراہم نہیں ہوسکتا۔ دل سے سارے رنج وغم مٹا ڈالیے، محبتیں تقسیم کرنا شروع کردیجے، آج ہی سے اس کار خیر کی شروعات خود سے کیجئے دوسروں کے انتظار میں مت رہیے اتحاد و اتفاق کا ثبوت دیجئے اور اخوت اور بھائی چارگی کا مظاہر ہ کیجئے انشاء اﷲ سماج میں انقلاب برپا ہوجائے گا۔ عیدالفطر میں انفرادی و شخصی نہیں بلکہ اجتماعی خوشیاں منائیے در اصل یہی عید الفطر کا حقیقی پیغام اور یہی اس کا تقاضہ ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .