۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
ڈاکٹر جمیلہ علم الہدیٰ

حوزہ/ ڈاکٹر جمیلہ علم الہدیٰ نے کہا کہ ہمارا معاشرہ تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے، اس میں مغرب کا بہت اہم کردار ہے، جو ٹیکنالوجی کی مدد سے اپنے اہداف کے حصول میں مصروف ہے، لیکن ہماری عورت سمجھدار اور بیدار ہے، وہ جانتی ہے کہ کہاں کون سا جال اس کیلئے بچھایا گیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایرانی خاتون اول ڈاکٹر جمیلہ علم الہدیٰ رئیسی کے اعزاز میں خانہ فرہنگ جمہوری اسلامیہ لاہور میں تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کا اہتمام جامعہ عروۃ الوثقی نے کیا۔ جس میں ایرانی خاتون اول نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں ڈی جی خانہ فرہنگ ایران ڈاکٹر جعفر روناس، جماعت اسلامی کی رہنما سمیہ راحیلہ قاضی، پرنسپل جامعہ اُم الکتاب خانم طیبہ نقوی سمیت خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا موضوع ’’بدلتے معاشرے میں عورت کا کردار‘‘ رکھا گیا تھا، جس میں خواتین کو اجاگر کرنے، پاکستان اور ایرانی تعلقات کو مزید بہتر کرنے اور امن و امان کے قیام کیلئے خواتین کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالنا تھا۔ تقریب میں معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈز سے بھی نوازا گیا۔ ڈی جی خانہ فرہنگ جعفر روناس کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط تعلقات میں خواتین کا بھی اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ دین نے خواتین کو بھی معاشرے میں اپنا کردار ادا کرنے کی آزادی دی ہے، مگر مغرب کی آزادی دراصل آزادی نہیں بلکہ بے راہ روی کی طرف عورت کو گمراہ کرنا ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر جمیلہ علم الہدیٰ نے کہا کہ ہمارا معاشرہ تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے، اس میں مغرب کا بہت اہم کردار ہے، جو ٹیکنالوجی کی مدد سے اپنے اہداف کے حصول میں مصروف ہے، لیکن ہماری عورت سمجھدار اور بیدار ہے، وہ جانتی ہے کہ کہاں کون سا جال اس کیلئے بچھایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الحمدللہ پاکستان اور ایران کی عورت سمجھدار ہے اور استعمار کی سازشوں کو اچھی طرح سمجھتی ہے۔

ایرانی خاتون اول ڈاکٹر جمیلہ علم الہدیٰ رئیسی نے یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس کا دورہ بھی کیا اور اپنی کتاب کی تقریب رونمائی کا بھی حصہ بنیں۔ اس موقع پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب، ڈی سی لاہور رافعہ حیدر، ایس ایس پی انویسٹیگیشن ڈاکٹر انوش مسعود، ڈاکٹر جعفر روناس بھی ہمراہ تھے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .