۲۲ آذر ۱۴۰۳ |۱۰ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 12, 2024
ایرانی صدر کا دورہ پاکستان

حوزہ/ ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے تین روزہ دورۂ پاکستان کے موقع پر حکومتی و عوامی سطح پر تاریخی اور والہانہ استقبال پاک ایران دوستی اور گہرے تعلقات کی واضح علامت ہے۔

تحریر: مولانا سکندر بہشتی

حوزہ نیوز ایجنسی | ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے تین روزہ دورۂ پاکستان کے موقع پر حکومتی و عوامی سطح پر تاریخی اور والہانہ استقبال پاک ایران دوستی اور گہرے تعلقات کی واضح علامت ہے۔

موجودہ حکومت سے اختلافات اپنی جگہ، مگر ایرانی سرکاری وفد کا جس انداز میں استقبال صدر، وزیراعظم اور دیگر سیاسی شخصیات کی جانب سے ہوا، جو پروٹوکول دیا گیا، وہ مستقبل میں پاک ایران تعلقات کے ساتھ دونوں ملکوں کے عوام کے روابط میں استحکام کاسبب بنے گا۔اہل قلم اور دونوں ملکوں کی ہمدرد شخصیات کو گروہی اور پارٹی تصورات سے بالاتر ہوکر ان اقدامات کو سراہنا چاہیئے، تاکہ اس دورے کے اثرات دیرپا ثابت ہوں۔ وزیر اعظم پاکستان نے جس انداز میں صدر ایران اور ایرانی عوام کے ساتھ پاکستانی عوام کے دیرینہ تعلق کا اظہار کیا وہ بھی اپنی جگہ ایک حقیقت ہے۔

وزیراعظم پاکستان نے خصوصی طور پر فلسطین کے حوالے سے ایران کے جرأت مندانہ مؤقف کی تائید کی اور صدر ایران نے پاکستان کی سرزمین پر فلسطین کے مظلومین کی حمایت کی، اس سے یقیناً بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی روح کو سکون ملا ہوگا، کیونکہ بانی پاکستان نے ہی اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا تھا اور فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی تھی۔

صدر ایران نے حکومتی ارکان سے گفتگو، علماء سے ملاقات اور پاکستان کے نام جو پیغام دیا اور مملکت عزیز پاکستان کے ساتھ رہبر اور ایرانی عوام کے پرخلوص روابط اور تعلقات کے بارے میں اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ل، وہ پاک ایران تعلقات میں ایک نئی نوید ہے۔

صدر ایران کے ساتھ ان کی اہلیہ کی مختلف پروگراموں میں شرکت اور خواتین سے خطاب بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے، چونکہ جمیلہ علم الھدیٰ خود ایک پی ایچ ڈی اسکالر، ماہر تعلیم، سینکڑوں کتب کی مصنف اور ایک یونیورسٹی کی سربراہ بھی ہیں۔

ایران کے نظام تعلیم میں ان کے فلسفی و اسلامی نظریات کو بنیادی مقام واہمیت حاصل ہے اور عصر حاضر کی مسلمان خواتین کے لیے ایک رول ماڈل بھی ہیں۔ ایک خاتون حجاب کی پابندی، اسلامی اقدار وروایات کی رعایت کے ساتھ خواتین کے حقوق کی علمبردار اور تعلیم، تربیت اور ثقافتی و قومی امور میں حصہ لے سکتی ہے۔

انہوں نے خواتین کی تقریبات میں یہ اہم پیغام دیا ہے کہ ایک عورت کا اسلامی کردار کیسا ہونا چاہیے۔

مسلم امہ خصوصا مسئلہ فلسطین اور پاک ایران تعلقات کے بارے میں جن امور پر دونوں حکومتی سربراہان کے درمیان بات چیت ہوئی اور دو طرفہ جن یادداشتوں پر اتفاق کیا گیا، اگر حکومت پاکستان بیرونی و اندرونی دباؤ کے مقابلے میں استقامت دکھائے اور ایران کے ساتھ ملکر مسائل کو حل کرنے کے لیے عملی اقدام کرے تو یہ مملکت پاکستان کے استحکام کا باعث ہوگا، کیونکہ ایران نے تمام تر سامراجی طاقتوں کی مزاحمت اور مخالفت کے باوجود اپنے دوستوں کاساتھ دیا۔وہ سب کے سامنے واضح ہے، جیسے فلسطین، لبنان، شام، عراق، یمن اور دیگر دوست ممالک کے ساتھ ہمیشہ وفاداری کو نبھایا ہے۔

نوٹ: حوزہ نیوز پر شائع ہونے والی تمام نگارشات قلم کاروں کی ذاتی آراء پر مبنی ہیں حوزہ نیوز اور اس کی پالیسی کا کالم نگار کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .