۲۳ آذر ۱۴۰۳ |۱۱ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 13, 2024
پاکستان ایران

حوزہ / پاکستان کے وزیراعظم نے اسلامی جمہوریہ ایران کے نو منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے انہیں مبارکبار دی اور انہیں مبارکباد کے ساتھ ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، پاکستانی وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ اسلامی ایران کے نو منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور حال ہی میں منعقدہ صدارتی انتخابات میں ان کی کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزیراعظم نے رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جمہوری عمل کے ذریعہ نئے صدر کے انتخاب پر انہیں اور ایرانی برادر عوام کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا: برادر ہمسایہ ممالک کی حیثیت سے پاکستان اور ایران مشترکہ تاریخ، عقیدے، ثقافت اور روایات کے بندھن میں بندھے ہیں۔

وزیراعظم پاکستان نے ایران کے نو منتخب صدر کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ہم پاکستان ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تجارت، توانائی اور علاقائی سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔

ایرانی نو منتخب صدر نے بھی اپنی گفتگو کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے علاقائی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور باہمی قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

قابل ذکر ہے کہ اپریل 2024ء میں مرحوم صدر حجت الاسلام والمسلمین شہید سید ابراہیم رئیسی کے پاکستان کے تاریخی دورے کے دوران دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ طور پر لیے گئے فیصلوں نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون پر مبنی شراکت داری کی ایک بہترین بنیاد فراہم کی تھی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .