حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کے نام ایک پیغام میں ایران کے نومنتخب صدر مسعود پزشکیان نے بیت المقدس کی آزادی اور فلسطینیوں کے تمام حقوق کے حصول تک اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے مظلوم فلسطینی قوم کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کے نام اسلامی جمہوریہ ایران کے منتخب صدر کے پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ محترم جناب اسماعیل ھنیہ
السلام علیکم و رحمۃ اللہ برکاتہ
اسلامی جمہوریہ ایران کا صدر انتخاب ہونے پر آپ کے مبارکبادی پیغام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انقلاب اسلامی کے اصولوں اور اہداف کی پاسداری کرتے ہوئے نیز امام خمینی (رہ) کے نظریات اور رہبر معظم دام ظلہ العالی کے رہنما اصولوں کی پیروی کرتے ہوئے فلسطینی قوم کی حمایت اور صیہونی حکومت کے قبضے اور نسل پرستی کے خلاف جدوجہد کو اپنا انسانی اور اسلامی فریضہ سمجھتا ہے اور بیت المقدس کی آزادی اور فلسطینیوں کے تمام حقوق کے حصول تک اسلامی جمہوریہ ایران مظلوم فلسطینی قوم کی مکمل حمایت کا اعلان کرتا ہے، مجھے یقین ہے کہ موجودہ جنگ میں فلسطینی مزاحمت فتح و نصرت نصیب ہوگی۔
میں اللہ تعالیٰ سے فلسطین کے عوام کے لیے صحت و سلامتی، مزاحمت کے مجاہدین کے لیے عزت وآزادی، غیبی امداد کی دعا کرتا ہوں اور فلسطینی شہداء کے لیے اللہ کی بارگاہ میں دعاکرتا ہوں کہ انہیں اپنے جوار رحمت میں قرار دے۔