۲۲ آذر ۱۴۰۳ |۱۰ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 12, 2024
خانہ کعبہ

حوزہ/ اسلامی جمہوریہ پاکستان سے 2160 حجاج کرام پر مشتمل پہلا قافلہ، حج ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے آج مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوگا۔

حوزہ نیوز ایجنسی نے پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق نقل کیا ہے کہ پاکستانی پروازیں 2160 حجاج کرام کو لے کر آج مدینہ منورہ کیلئے اڑان بھریں گی۔

پاکستان سے امسال حج کی ادائیگی کیلئے جانے والے حجاج کرام کی پہلی پرواز آج مدینہ منورہ کیلئے اس ملک کے دارالحکومت اسلام آباد سے اُڑان بھرے گی۔

پاکستانی وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق حج 2024ء کیلئے فلائٹ آپریشن 9 مئی تا 9 جون جاری رہے گا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے پہلی حج پرواز آج نصف شب کو سعودی عرب کے لئے روانہ ہو گی۔

حج آپریشن کے پہلے 15 روز تمام پروازیں براہ راست مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر اتریں گی، جس کے بعد 24 مئی تا 9 جون بیشتر پروازیں جدہ ایئرپورٹ پر لینڈ کریں گی۔ فلائٹ آپریشن کے پہلے روز 11 پروازوں کے ذریعے 2160 عازمین سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے 3 پروازوں کے ذریعے 680 عازمینِ حج سعودی عرب روانہ ہوں گے، کراچی سے 330 مسافر حجاز مقدس روانہ ہوں گے جبکہ لاہور سے 3 پروازوں کے ذریعے 670 مسافر فریضہ حج کے لئے سعودی عرب پہنچیں گے۔

اطلاع کے مطابق، ملتان سے 2 پروازوں کے ذریعے 329 عازمین سفر حج کا آغاز کریں گے۔ سیالکوٹ سے ایک پرواز کے ذریعے 151 عازمینِ مدینہ منورہ پہنچیں گے۔ کوئٹہ سے پہلی حج پرواز 11 مئی کو اور سکھر سے پہلی حج پرواز 27 مئی کو روانہ ہو گی۔ مجموعی طور پر 259حج پروازوں کے ذریعے 68 ہزار سے زائد سرکاری عازمینِ حج سعودی عرب پہنچیں گے، جس کے بعد حج فلائٹ آپریشن 9 جون کو مکمل ہوگا اور 20 جون کو پہلی پرواز حجاجِ کرام کو لے کر پاکستان واپس پہنچے گی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .