حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدیر مرکز احیاء آثار بر صغیر(مآب) حجۃالاسلام والمسلمین طاہر عباس اعوان کے بڑے بھائی مجاہد عباس اعوان انتقال کر گئے، مرحوم نے مآب کے علمی شعبہ میں گرانقدر خدمات انجام دیں۔
مرحوم نے مرکز احیاء آثار بر صغیر(مآب) کی ترقی میں سب سے اہم کردار نبھایا ہے اور علماء کی کتابوں اور انکے آثار کو جمع کیا اور اسکے لئے مختلف شہروں اور گاؤں وغیرہ کا سفر کیا اور کتابوں کو منظم کر کے اسے منظر عام پر لانے میں اہم کردار نبھایا۔
مرحوم سن 1968 سندھ پاکستان میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد کسب معاش کے سلسے میں بیرون ملک گئے، کچھ عرصہ بعد وطن واپس آگئے اور پاکستان میں رہ کر ہی اپنے بھائی کے دینی کام میں مدد کرتے رہے ، انہوں نے قم المقدس کے شعبۂ مآب میں تین سال خدمت کی، پھر نجف اشرف تشریف لے گئے اور وہاں بھی شعبۂ مآب میں تقریباً ایک سال خدمت، طبیعت ناساز ہونے لگی تو اپنے وطن پاکستان لوٹ گئے اور بیماری کے باوجود کراچی میں رہ کر شعبۂ مآب میں بے شمار خدمتیں انجام دیں، اور آخر کار 4 جون 2024 کو داعی اجل کو لبیک کہا اور اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔