۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
وزارت خارجه

حوزہ / ایرانی وزارت خارجہ نے فرانس، جرمنی اور برطانیہ کے ایرانی ایٹمی پروگرام کے بارے میں بیان کو بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ نے جوہری پروگرام کے بارے میں فرانس، جرمنی اور برطانیہ کے بیان کو بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے متعدد مرتبہ اپنا موقف دہرایا ہے کہ اس کا ایٹمی پروگرام پرامن مقاصد کے لئے ہے اور اس کو فوجی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

بیان میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے کہ یورپی ممالک کے نامناسب رویے اور جوہری معاہدے کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی کوششوں نے مسائل کھڑے کردئے ہیں۔

بیان میں جوہری پروگرام پر تعاون اور مذاکرات پر ہمیشہ کی طرح آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ماضی کی طرح سیاسی اہداف کی پیروی اور غلط بیانی کے بجائے سنجیدگی اور عملی اقدامات کے عزم کے ساتھ بات چیت کرنے کی ضرورت ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران عالمی جوہری ادارے کے ساتھ تعمیری اور تکنیکی تعاون جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے اور جوہری معاہدے کے تحت اپنی سرگرمیاں جاری رکھنا چاہتا ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .