۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
جیکب آباد پاکستان میں مجلسِ عزاء

حوزہ/ڈی سی چوک جیکب آباد پاکستان پر منعقدہ مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ عاشوراء یوم اللہ ہے اور قرآن کریم نے ایام اللہ یعنی اللہ کے دن منانے کا حکم دیا ہے، کیونکہ خدا کے دن دین خدا کی بقاء اور استحکام کا باعث ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ڈی سی چوک جیکب آباد پاکستان پر منعقدہ مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ عاشوراء یوم اللہ ہے اور قرآن کریم نے ایام اللہ یعنی اللہ کے دن منانے کا حکم دیا ہے، کیونکہ خدا کے دن دین خدا کی بقاء اور استحکام کا باعث ہیں۔

عزاداری امام حسین (ع) عظیم عبادت اور تحریکِ کربلا کا تسلسل ہے، علامہ مقصود علی ڈومکی

انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام سے عشق و مودت اہل ایمان کی نشانی ہے، بھٹ شاہ میں حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائی کے مزار کو ایام عزاء میں سیاہ پوش کرنا احسن اقدام ہے۔ سندھ دھرتی کے عظیم شاعر حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائی امام حسین علیہ السلام کے عاشق اور عزادار تھے، جنہوں نے کربلا کے شہداء کو سرکیڈارو میں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ شاہ سائیں کے مزار کو سیاہ پوش کرنے پر اعتراض بلا جواز ہے اور یہ ناصبی ذہنیت کی پیداوار ہے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام عظیم عبادت اور تحریک کربلا کا تسلسل ہے۔ عزاداری ہمیں مقصد کربلا کو سمجھنے اور اپنی زندگی کربلا کی روشنی میں گزارنے کا درس دیتی ہے۔ شدید گرمی کے باوجود ملک بھر میں عاشقان اھل بیت نے عزاداری امام عالی مقام میں بھرپور شرکت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام ہمارا آئینی حق ہے۔ عزاداری میں رکاوٹ کسی سطح پر بھی قبول نہیں۔

اس مجلسِ عزاء میں ہزاروں کی تعداد میں مؤمنین نے شرکت کی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .