۲۳ آذر ۱۴۰۳ |۱۱ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 13, 2024
پزشکیان و زیاد نخالہ

حوزہ/ ایرانی نومنتخب صدر ڈاکٹر پزشکیان نے تحریکِ جہادِ اسلامی فلسطین کے سربراہ زیاد نخالہ سے ملاقات کے دوران بیت المقدّس کی آزادی کے بارے میں ایران کے غیر متزلزل مؤقف کا اعلان کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریکِ جہادِ اسلامی فلسطین کے سربراہ زیاد نخالہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے نومنتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات اور انہیں صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

واضح رہے زیاد نخالہ حلف برداری کی تقریب میں شرکت کرنے ایران پہنچے ہیں۔
مزاحمتی گروہ کے سربراہ زیاد نخالہ نے اس ملاقات کو ان عناصر اور افراد کے لئے خصوصی پیغام کا حامل قرار دیا جو ایران اور مقاومت کے درمیان دوریاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر پزشکیان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت اور بیت المقدّس کی آزادی کے بارے میں مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ ایران مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کا سلسلہ جاری رکھے گا اور حکومت کی تبدیلی سمیت کوئی بھی چیز اس مؤقف کو متزلزل نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے مظالم کو روکنے کے لئے اسلامی ممالک کے درمیان پہلے سے زیادہ اتحاد کی ضرورت ہے۔ ایران اسلامی ممالک اور عالمی سطح پر ہر فورم پر غزہ کے مظلوم عوام کے حقوق کے بارے میں آواز بلند کرتا رہے گا۔
اس موقع پر زیاد نخالہ نے کہا کہ آپ کی حلف برداری کے موقع پر مقاومتی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات سے ایک اچھا پیغام جائے گا۔ فلسطینی عوام خطے میں استکباری طاقتوں کے سامنے مقاومت کر رہے ہیں۔ ایران کی جانب سے وسیع حمایت فلسطینی عوام کے لیے مضبوط سہارا ہے۔ فلسطینی عوام ایران کی اس حمایت کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .