۲۳ آذر ۱۴۰۳ |۱۱ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 13, 2024
فرشتہ

حوزہ/ مکتب اہل بیتؑ کی بلند ہمت، عظیم المرتبت، شجاع و بہادر شخصیت سید حسن نصر اللہ کی پردرد شہادت پر دنیائے شیعیت میں نوحہ و ماتم برپا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ،بانی و سرپرست اعلیٰ مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن کی جانب سے تعزیتی پیغام جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

مِنَ الْمُؤْمِنِیْنَ رِجَالٌ صَدَقُوْا مَا عَاهَدُوا اللّٰهَ عَلَیْهِۚ-فَمِنْهُمْ مَّنْ قَضٰى نَحْبَهٗ وَمِنْهُمْ مَّنْ یَّنْتَظِرُۖ وَمَا بَدَّلُوْا تَبْدیلا۔ (الاحزاب، ۲۳)

انتہائی رنج و غم کے ساتھ یہ خبر وحشت اثر سنی گئی کہ مکتب اہل بیتؑ کی بلند ہمت، عظیم المرتبت، شجاع و بہادر شخصیت حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسن نصر اللہ، سربراہ حزب اللہ لبنان، بیروت میں غاصب و خائن، ظالم و جابر اسرائیلی حکومت کی دہشت گردانہ وحشیانہ بمباری میں درجہ شہادت پر فائز ہو گئے۔ إنا لله وإنا إليه راجعون

سید مقاومت سید حسن نصر اللہ کی شہادت اتنی عظیم ہے کہ دنیائے شیعیت میں گہرے رنج و غم کا بادل چھا گیا اور نوحہ و ماتم برپا ہو گیا ہے۔ ایسا نوحہ و ماتم جس کی دھمک سے شہادت حسینی کے بعد بنی امیہ و بنی عباس کی ظالم حکومتوں کے تخت و تاج کی چولیں ہل گئی تھیں، باطل حکومتوں کے ایوانوں میں زلزلہ آ گیا تھا، اور ظالم حکومتوں کو ایسا فنا کے گھاٹ اتارا تھا کہ آج تک صفحہ گیتی پر ان کا کوئی نام و نشان باقی نہیں رہا۔

ہماری صدائے نوحہ و ماتم گواہ ہے کہ ہم مایوس اور اداس نہیں ہوئے ہیں بلکہ سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اور پر امید ہیں کہ شہیدوں کا خون ضرور رنگ لائے گا اور عہد حاضر کی فرعونی و طاغوتی، استکباری و استعماری طاقتوں اور حکومتوں کا ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو جائے گا۔ بقول آیت اللہ جواد آملی حفظہ اللہ تعالیٰ: "شہادت قوم و ملت کی طہارت کا باعث ہوتی ہے۔ سب سے بڑی آلودگی، یعنی استکبار، استعمار اور ذلت کی آلودگی، ان کو نہ پانی پاک کرسکتا ہے اور نہ آفتاب، صرف اور صرف خون شہید ہی ایسی آلودگی پاک کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔"

ہم مجمع علماء و خطباء حیدرآباد کی جانب سے جملہ شہدائے راہ مقاومت کی بلندی درجات کی دعا کرتے ہیں اور اسرائیلی و امریکی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ ہم متاثرہ کنبوں، لبنانی مظلوم عوام اور حکومت کے ساتھ اظہار ہمدردی و یکجہتی کرتے ہیں۔

ان مختصر الفاظ کے ساتھ، ہم مجمع علماء و خطباء حیدرآباد کی جانب سے جملہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کے لواحقین و متعلقین، لبنانی عوام اور حکومت، علماء، طلباء، مراجع کرام، رہبر معظم، خاص کر حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔

وَمَا النَّصْرُ إِلَّا مِنْ عِندِ اللّٰهِ الْعَزِیْزِ الْحَكِیْمِ (آل عمران 126)

سوگوار

حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ

بانی و سرپرست اعلیٰ مجمع علماء و خطباء حیدرآباد

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .