حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ میں مدرسہ امام خمینی (رح) کے شعبہ تعلقات و بین الاقوامی امور کے زیر اہتمام "صہیونیت اور اس سے وابستہ تحریکات" کے عنوان سے ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں صہیونی تحریکات اور اس کے عالمی اثرات سے متعلق اہم نکات پر روشنی ڈالی گئی۔
اس نشست میں 350 سے زائد طلبہ نے شرکت کی اور موضوع پر بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔
یہ نشست کلچرل ڈپارٹمنٹ اور موسسہ مسری و افق نو کے تعاون سے منعقد ہوئی، جس میں معروف اسکالرز نے موضوع پر علمی اور تحقیقی گفتگو کی۔ سوربن یونیورسٹی فرانس کے فاضل ڈاکٹر مہتدی نے جنگی حکمت عملی اور امریکہ و مغرب کے صہیونیت سے تعلق پر تفصیلی بات کی، جبکہ ایران کے سابق سفیر ڈاکٹر منتظمی نے اسرائیل کے مقابلے میں عالمی سطح پر انسانی معاشرے کی موجودہ صورتحال اور اس کے چیلنجز پر گفتگو کی۔
یہ نشست مدرسہ امام خمینی (رح) کے قدس ہال میں منعقد ہوئی اور اس میں طلبہ کی زبردست شرکت نے اس بات کو اجاگر کیا کہ نوجوان نسل صہیونی خطرات اور ان سے جڑے عالمی مسائل کے حوالے سے بھرپور آگاہی رکھتی ہے اور ایسے موضوعات پر مزید رہنمائی کے لیے پُرعزم ہے۔