۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
محسن ملت کی یاد میں "نہج البلاغہ و مقام علماء" کے عنوان سے عظیم الشان سیمینار کا انعقاد

حوزہ/ یہ سیمینار عالمی سطح پر ترویج و اشاعت دین اسلام بالخصوص فرامین و ارشادات حضرت امیر المومنین علیہ السلام کو گھر گھر پہنچانے اور نہج البلاغہ کے پاکیزہ نور سے ظلمت کدہ دہر کو جگمگانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیوں کے ساتھ سرگرم عمل مرکز افکار اسلامی کے زیر اہتمام ترتیب دیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد/ مفسر قرآن محسن ملت علامہ شیخ محسن نجفی قدس سرہ کی یاد میں "نہج البلاغہ و مقام علماء" کے عنوان سے ایک عظیم الشان سیمینار جامعہ الکوثر اسلام آباد میں منعقد کیا گیا۔ یہ سیمینار عالمی سطح پر ترویج و اشاعت دین اسلام بالخصوص فرامین و ارشادات حضرت امیر المومنین علیہ السلام کو گھر گھر پہنچانے اور نہج البلاغہ کے پاکیزہ نور سے ظلمت کدہ دہر کو جگمگانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیوں کے ساتھ سرگرم عمل مرکز افکار اسلامی کے زیر اہتمام ترتیب دیا گیا۔ جسکی نظامت کے فرائض مولانا انیس الحسنین نے انجام دیا۔

تصاویر دیکھیں:

محسن ملت کی یاد میں "نہج البلاغہ و مقام علماء" کے عنوان سے عظیم الشان سیمینار کا انعقاد

سیمینار کا آغاز کلام پاک کی تلاوت سے ہوا، جس کے بعد حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا مقبول حسین علوی نے افتتاحی تقریر کی۔ انہوں نے 14 نومبر 2019 تا امروز اپنے کثیر الاشاعتی ادارے کے زیر اہتمام "نہج البلاغہ" کے کم از کم بیس ہزار نسخوں کی اشاعت کو تائید و لطف در مدینۃ العلم قرار دیا۔آپ نے قرآن مجید کے بعد نہج البلاغہ کے معجزاتی اوصاف و محاسن کو انسانی اقدار سے محروم معاشرے کی بہتری اور ارتقا کے لئے لازمی قرار دیا۔انہوں نے اپنے ادارے کے زیر اہتمام لکھنو ،آستان قدس رضوی مشہد مقدس اور امریکہ سے نہج البلاغہ کی اشاعت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس اشاعتی سفر کو شد و مد سے جاری رکھنے کے عزم بالجزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے محسن ملت کی دینی علمی و سماجی خدمات بالخصوص در مدینۃ العلم سے آنجناب کے عشق کا احوال بیان کرتے ہوئے نہج البلاغہ کے اشاعتی عمل میں اپنے لئے آنجناب کو ایک تشویق کنندہ ہستی قرار دیا۔

سیمینار سے سربراہ امام خمینی ٹرسٹ علامہ سید افتخار نقوی نے تاریخی حوالوں کے ساتھ مرحوم علامہ شیخ محسن نجفی کو وطن پاکستان میں ہر قومی لیڈر کا پشت بان اور ہر کامیاب قومی جدوجہد کا مرکز و محور قرار دیا ۔

اسی طرح سیمینار سے علامہ شیخ انور علی نجفی نے اپنے خطاب میں مرکز افکار اسلامی کے اشاعتی سلسلے کو سراہا اور اسے وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں اگر کسی کو عشق علی سیکھنا ہے تو وہ محسن ملت کی روداد زندگی سے سیکھے کہ جن کے نزدیک نہج البلاغہ علی علیہ السلام کے معجزات میں سے ایک تعلیمی معجزہ ہے ۔علامہ شیخ انور نجفی نے زور دیتے ہوئے میں اپنے والد مرحوم محسن ملت کی اس حسرت کا بھی تذکرہ کیا کہ صدیاں گزر جانے کے باوجود علی آج بھی مظلوم ہیں اور ہم آج بھی اپنے مولا کا حق نہیں کر پا رہے ہیں۔

سیمینار کے دوران ماضی میں منعقدہ نہج البلاغہ کانفرسز سے محسن ملت کے ایمان افروز خطابات کی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جسے دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔

واضح رہے کہ سیمینار سے قبل جناب مولانا مقبول حسین علوی نے جامعہ جعفریہ جنڈ اور دیگر مہمانان گرامی کے ہمراہ محسن ملت کی مرقد اقدس پر حاضری دی انہوں نے محسن ملت کے فرزندان علامہ شیخ محمد اسحاق نجفی اور علامہ شیخ انور علی نجفی سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرقد انوار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .