۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
البقیع انٹرنیشنل کانفرنس

حوزہ/ مولانا عبیداللہ خان اعظمی: سعودی حکومت کے ذریعے مزارات مقدسہ کا انہدام ناقابلِ برداشت

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ممبئی/ البقیع آرگنائزیشن شکاگو امریکہ کی جانب سے آیت اللہ سید حمید الحسن کی صدارت میں زوم کے ذریعے جنت البقیع کی تعمیر کے لیے ایک زبردست انٹرنیشنل کانفرنس منعقد ہوئی۔

اس کانفرنس میں ہند و بیرون ہند کے مشاہیر علما و محققین نے مدینہ منورہ میں جنت البقیع میں منہدم شدہ روضوں کی تعمیر نو کا سعودی حکومت سے مطالبہ کیا ۔

شہر مظفر نگر سے انٹرنیشنل ایوارڈ یافتہ قاری قرآن جناب مولانا دانش نبیل قاسمی نے اپنی دلکش قرائت کے ذریعے کانفرنس کا آغاز کیا اور اپنی مختصر مگر جامع تقریر میں کہا کہ جہاں تک میری تحقیق ہے شیعہ حضرات قبر پرستی کے قائل نہیں ہیں بلکہ صاحب قبر کو اللہ کی بارگاہ میں وسیلہ قرار دیتے ہیں اور یہی نظریہ ہمارا بھی ہے ۔

البقیع آرگنائزیشن کے چیرمین اور پوری دنیا میں تحریک تعمیر جنت البقیع کے روحِ رواں مفسر قرآن مولانا سید محبوب مہدی عابدی نے کہا کہ جہاں بھی ظلم و ناانصافی ہوتی ہے ہم کھل کر اس کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں مسجد اقصیٰ کو آزاد کرانے کی تحریک اسی فرقے نے شروع کی جو جنت البقیع کی تحریک چلا رہا ہے۔ انشاءاللہ جلد یہ تحریک رنگ لائے گی اور جنت البقیع میں خوبصورت روضہ تعمیر ہوگا ۔

ہندوستان میں عالم تشیع کی ایک بزرگ ہستی ، استاد الاساتذہ، آیت اللہ حمید الحسن نے دنیائے اسلام کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر مختلف مسالک کے علما مل کر بقیع کے لیے ایک میٹنگ کریں تو یہ مسئلہ آسانی سے حل ہو سکتا ہے ۔ آپ نے کہا کہ جن شخصیات کی قبروں کو بقیع میں گرایا گیا ہے ان سے ہر مسلمان عقیدت رکھتا ہے ۔

امام جعفر صادق علیہ السّلام اور حضرت ابوحنیفہ دونوں کی ولادت کا سال ایک ہے لیکن یہ ایک عجیب بات ہے کہ امام ابوحنیفہ کا مزار جو بغداد میں ہے وہ تو موجود ہے لیکن امام صادق کا روضہ جو جنت البقیع میں ہے منہدم کردیا گیا ۔

شہر کانپور سے ایک انقلابی اور فعال عالم دین مولانا معین الدین چشتی نے اپنی خوبصورت تقریر میں حضرت فاطمہ زھرا سلام اللہ علیہا کے فضائل و مناقب بیان کرنے کے بعد کہا کہ آج پوری دنیا میں مسلمانوں کی ذلت و رسوائی کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ مسلمان اھلبیت علیہم السلام سے دور ھو گیا ہے ۔ اس سے پہلے بقیع کی اسی کانفرنس میں مولانا اسلم رضوی کی دعوت پر میں نے شریک ہوا تھا اور اس کانفرنس کے ذریعے خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمۃ اللہ علیہ کے خدام سے گزارش کی تھی کہ وہ بقیع کے لیے خواجہ کے روضے میں کانفرنس کریں الحمدللہ میری گزارش کو وہاں کے ذمے داروں نے قبول کیا اور بقیع کے لیے عظیم الشان پروگرام بر گزار کیا ۔

یادگار خطیب الایمان مولانا سید عمار جرولی نے نہایت عمدہ تقریر کرتے ہوئے کہا کہ آج میں دعا کرتا ہوں کہ امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کا جلد از جلد ظہور ہو جب پردہ غیب سے امام تشریف لائیں گے تو بقیع میں ایک خوبصورت روضہ تعمیر ہوگا اور رسول خدا کے دل کو سکون حاصل ہوگا ۔

بر صغیر کے معروف اہل سنت عالم دین و خطیبِ مولوی عبید اللّہ خان اعظمی (سابق ایم پی) نے حکام سعودیہ عربیہ کو کھل کر چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ تم لوگ جنت البقیع کے روضہ ھای مقدسہ کو تو گرا سکتے ہو لیکن ان قبور میں موجود ہستیوں کی محبت ہمارے دلوں سے نہیں نکال سکتے ۔

آپ نے کہا کہ مزارات مقدسہ کو گرانے کی سازش میں شیخ نجدی کے ساتھ ایک گروہ شامل تھا جس کا نظریہ تھا کہ رسولِ خدا صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا روضہ صنم اکبر یعنی سب سے بڑا بت ہے ۔ مولوی عبید اللہ اعظمی نے کہا کہ دنیا جان لے کہ سعودی عرب پر ہمارا ایمان نہیں ہے ہمارے ایمان کا مرکز محمد رسول اللّٰہ ہے۔

کویت سے مولانا مرزا عسکری حسین نے اس اہم موضوع پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا محبوب مہدی عابدی کی سربراہی میں بقیع کی جو تحریک شروع ہوئی تھی وہ مسلسل آگے بڑھ رہی ہے اور بین الاقوامی سطح پر پھیلتی جا رہی ہے ۔ آپ نے فرمایا کہ سعودی حکومت کے ذریعے تقریباً پانچ سو آثار کو حجاز میں مٹایا جا چکا ہے اور اس مذموم عزائم کے پیچھے ان کی دلیل یہ تھی کہ یہ آثار توحید سے ہمیں دور کر دیتے ہیں اس لیے میں ایک دردمندانہ اپیل کرتا ہوں کہ علما کا ایک گروہ تیار کیا جائے جو ان سے بات کر کے ان کی توحید کو درست کرے اگر دونوں طرف کے علما و محققین تعصب کا عینک اتار کر اس اہم موضوع پر گفتگو کریں تو یہ مسئلہ بحسن وخوبی حل ہو سکتا ہے ۔

اس پروگرام کے آخری مقرر شہر پونا مہاراشٹرا سے مولانا اسلم رضوی نے سعودی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے جنت البقیع کے روضہ ھای مقدسہ کو یہ کہہ کر منہدم کردیا تھا کہ یہ مزارات بدعت ہیں لیکن یہ یاد رہے کہ ہم محبان اھلبیت ان روضوں کو بدعت نہیں مانتے ہیں بلکہ یہ روضے خدا کی بارگاہ تک پہنچنے کے لئے وسیلہ ہیں لیکن اگر آپ کی یہ بات مان بھی لی جائے تو بھی آپ سے یہ گزارش ہے کہ جیسے اس دور میں بہت سے ناجائز مراکز قائم ہو رہے ہیں آپ جنت البقیع میں ویسے ہی مدفونین بقیع کا روضہ تعمیر کر دیں کیوں کہ اب آپ نے حرام و حلال کی تمیز سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ختم کر دی ہے ۔ ہمیں یقین ہے کہ روضہ بننے کے بعد آپ کی تجوریاں بھر جائیں گی ۔ بس فرق یہ ہے کہ شراب خانوں اور جوے خانوں کی آمدنی کسب حرام میں شامل ہے اور جنت البقیع کے روضوں سے جو آمدنی حاصل ہوگی وہ سو فیصد حلال اور پاکیزہ ہوگی۔

اس کانفرنس کی نظامت ایس این این چینل کے ایڈیٹر ان چیف جناب مولانا علی عباس وفا نے کی۔

مختلف مسالک کے علماء مل کر بقیع کا حل نکالیں، آیت اللہ سید حمید الحسن

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .