حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکز فقہی ائمہ اطہار (ع) کے سربراہ، آیت اللہ جواد فاضل لنکرانی نے صوبہ قم کے اوقاف و امور خیریہ کے حکام سے ملاقات میں قرآن کی اہمیت اور اس کے معارف کو عالمی سطح پر پھیلانے کے لئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کی تعلیمات کو دنیا کی معتبر یونیورسٹیوں میں پیش کیا جا سکتا ہے اور اس سلسلے میں قم میں خصوصی سیشنز اور تحقیقاتی سرگرمیاں ہونی چاہئیں۔
آیت اللہ فاضل لنکرانی نے امام خمینی (رح) کی شخصیت کی تشکیل میں قرآن کی گہری وابستگی کو اجاگر کیا اور کہا کہ امام راحل کو قرآن مجید میں تدبر اور اس کی تفسیر نے ان کی شخصیت کو متمایز کیا، شہید سید حسن نصراللہ کی شخصیت بھی قرآن سے گہری وابستگی کی وجہ سے مضبوط ہوئی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قرآن کے مختلف شعبوں، جیسے کہ میڈیکل فقه، پر مشتمل مواد کو جامع طور پر مرتب کیا جائے اور اس کی نشر و اشاعت کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ قرآن میں تربیتی، خانوادگی، سماجی، سیاسی اور اقتصادی موضوعات موجود ہیں جو موجودہ اور آئندہ نسلوں کی ضروریات کو پورا کر سکتے ہیں۔
آیت اللہ فاضل لنکرانی نے اوقاف کے ساتھ مل کر قرآنی اور تحقیقی کاموں میں تعاون کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف مسابقات کے لئے اہم ہیں بلکہ عالمی سطح پر قرآن کی تعلیمات کے نشر واشاعت میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔