۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
News ID: 402473
20 ستمبر 2024 - 19:07
عظمت علی

حوزہ/آج دنیا میں آزادی، مساوات اور حقوق کے زور شور سے نعرے لگائے جارہے ہیں اور ان مسائل کی خلاف ورزی کی صورت میں آئے دن احتجاجات بھی ہورہے ہیں۔ ان نظریات کے حامیوں میں ان لوگوں کی خاصی تعداد ہوتی ہے جو مذہب بالخصوص اسلام کو ان نظریات کی عمل آوری میں رکاوٹ سمجھتے ہیں۔

تحریر: عظمت علی (قم المقدسہ، ایران)

حوزہ نیوز ایجنسی| آج دنیا میں آزادی، مساوات اور حقوق کے زور شور سے نعرے لگائے جارہے ہیں اور ان مسائل کی خلاف ورزی کی صورت میں آئے دن احتجاجات بھی ہورہے ہیں۔ ان نظریات کے حامیوں میں ان لوگوں کی خاصی تعداد ہوتی ہے جو مذہب بالخصوص اسلام کو ان نظریات کی عمل آوری میں رکاوٹ سمجھتے ہیں، وہ اسلام کو ایک قدیم رواج پر مبنی مذہب تسلیم کرتے ہوئے اسے معاصر زندگی سے متضاد سمجھتے ہیں ۔ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت کے روز، ہم انہی موضوعات کو آپ کی حیات طیبہ اور سیرت و کردار کے عملی نمونے سے پیش کرتے ہیں۔

آزادی، مساوات اور حقوق آنحضرت کی زندگی اور تعلیمات کا مرکزی حصہ رہے ہیں ۔ آپ نے آئیڈیل سماج کی تشکیل اور انسانی حقوق کے استحکام کےلیے ہمہ تن جدوجہد کی اور محض ترسٹھ برس عمر میں اپنے کردار و اخلاق سے ہمیشہ کے لیے امر ہوگئے ۔ آپ بطور مذہبی ہادی و رہنما ،دین میں جبر و زبردستی کے خلاف تھے جیسا کہ قرآن مجید میں ارشاد الٰہی ہے: ’دین میں کوئی جبر نہیں۔‘ (سورہ بقرہ، آیت:256) ۔ آیت کا عملی ثبوت ’میثاق مدینہ‘(622 عیسوی)میں واضح طور پر مشاہد ہ کیا جاسکتا ہے جس میں آپ نے اسلامی ریاست کےما تحت رہنے والے غیر مسلم ؛یہودی، عیسائی اور مشرکوں کو آزادانہ ماحول فراہم کیا تھا۔اس دستاویز میں تمام مذہبی گروہ کو شہر مدینہ میں پر امن طور پر رہنے کی ضمانت دے کر ایک تکثیری معاشرے ( Pluralistic Society)کی بنیاد رکھی جس میں مذہبی اقلیتوں کو تحفظ حاصل تھا۔اسی طریقہ سے ’معاہدہ نجران ‘میں آنحضرت نے عیسائیوں کو یقین دلایا کہ وہ بغیر کسی مداخلت کے اپنے عقیدے پر عمل کریں۔ عبادت گاہوں، املاک اور ان کے پادریوں کی حفاظت کرنے کا وعدہ کیا۔ اس طرح آپ نے اسلامی ریاست میں مذہبی آزادی کو یقینی بنایا جس کی آج شدید ضرورت ہے۔

پیغمبر اسلام کے انقلابی تعلیمات میں ’سماجی مساوات‘ کو خاصی اہمیت حاصل ہے۔آپ نے قبائلی، طبقاتی اور نسلی تفریق پر مبنی نظام کا خاتمہ کیا۔ افریقی غلام،بلال بن رباح کے ساتھ اپنے قریبی ساتھیوں کی طرح پیش آئے۔ بلال حبشی کی مؤذن بنانا، نسلی تفریق کے خاتمہ کی اہم ترین مثال ہے۔اسی طرح، سلمان فارسی(ایرانی) اور صہیب الرومی( ایک بازنطینی رومی) کو نہایت عزت ووقار سے نواز کر نسلوں میں سرایت کرچکے تعصب کی بنیاد کو مسمار کردیا۔خطبہ حجۃ الوداع میں آپ نے مساوات کی اعلیٰ ترین مثال پیش کی۔ آپ نے فرمایا:’’تمام بنی نوع انسان آدم اور حوا کی اولاد ہیں۔ کسی عربی کو کسی عجمی پر کوئی فضیلت نہیں اور نہ ہی کسی عجمی کو عربی پر ۔ کسی گورے کو کالے پر اور نہ ہی کسی کالے کو گورے پر کوئی فضیلت حاصل ہے۔ کسی کو کسی پر کوئی فضیلت حاصل نہیں سوائے تقویٰ اور نیک عمل کے۔

پیغمبر اسلامﷺ نے ’حقوق نسواں‘ کے تحفظ کے لیے وہ کارہائے نمایاں انجام دیئے جو رہتی دنیا تک بے مثال اور بے نظیر مانا جائے گا۔خواتین کو جائداد (Property)سمجھنے والے عرب ماحول میں ان کو شادی، طلاق،جائیداد کی ملکیت اور وراثت میں رضامندی کا حق دیا۔لڑکیوں کو قتل (زندہ دفن)کے خلاف سخت قدم اٹھایا۔ ان کی پاس و حرمت اور ان کے حقوق کی علمبرداری کرتے ہوئے تعلیم دینے کی اہمیت پر زور دیا اور فرمایا:’علم حاصل کرنا ہر مسلمان؛مرد اور عورت پر فرض ہے۔

آزادی، مساوات اور انسانی حقوق آئیڈیل سماج کی بنیادی کڑیاں ہیں ۔ ایک سالم معاشرہ کی تشکیل میں ان اصول کی پابندی نہایت ضروری ہے ۔ پیغمبر اسلام کی سیرت و تعلیمات نے انسان کو جسمانی اور روحانی دونوں زاویوں سے آراستہ کیا ہے ۔ انہوں نے معاشرہ میں پھیلی قبائلی تفریق اور نسلی برتری کے مضبوط قلعہ کو مسمار کیا ۔ غلاموں کو آزاد کیا اور انہیں اپنے پاس جگہ دی۔صدقہ، خمس وزکوۃ ۔۔۔کی صورت میں غلاموں اور پسماندہ لوگوں کو اقتصادی مشکلات سے آزاد کیا ۔ان کے حقوق دلائے اور پھر انہیں اپنے پاس جگہ دے کر مساوات کی عمدہ مثال پیش کی۔ آج دنیا میں آزادی ، مساوات اور حقوق کی لڑائی لڑنے والے ہر انسان کو پیغمبر اسلام ﷺ کی کوششوں کو سراہنا چاہئے اور آنحضرت کی حق کی لڑائی کو دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہیے۔ اسلام آزادی، مساوات اور حقوق کا علمبردار ہے ۔اگر آج پیغمبر اسلام ہمارے درمیان جسمانی طور پر موجود ہوتے تو آزادی ، مساوات اور حقوق انسانی کے سب سے بڑے علمبردار اور رہنما ہوتے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .