حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین حسن پویا نے امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کی نگاہ سے خواتین کے مقام پر منعقدہ اس علمی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی ایک اصولی فقیہ، عارف، انسان شناس اور عصرِ حاضر کا عظیم انقلاب، انقلابِ اسلامی کے بانی ہیں۔
انہوں نے امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کی شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام خمینی رح نے اپنے اخلاق اور عرفان سے دنیائے اسلام کی قیادت کو ہاتھ میں لیا اور اپنے تابناک اور روزمرہ افکار سے ایک نئی دنیا کو وجود بخشا۔
حجت الاسلام حسن پویا نے مزید کہا کہ امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ نے اپنے افکار سے جہاں دنیا والوں کو حیرت میں ڈال دیا وہیں اسلام ناب محمدی کو شیعہ عقائد کے مطابق ان تک پہنچایا۔
انہوں نے امام خمینی کی خواتین کے متعلق کلی نگاہ کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ امام خمینی رح کی خواتین کے متعلق نگاہ پر مختلف جہتوں سے تحقیق کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے امام کی تصانیف یا فرامین سے جو نظر آتا ہے وہ آپ کی خواتین کے مقام پر گہری نظر ہے اور یہ نظر اسلام اور پیغمبرِ اسلام حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی نظر کا نتیجہ ہے۔
مؤسسہ امام خمینی کے شعبۂ تحقیق کے انچارج نے مزید کہا کہ امام خمینی رح نے اپنی انقلابی تحریک اور انقلاب کی کامیابی کے بعد مختلف مناسبتوں پر خواتین اور معاشرہ اور خواتین اور خاندان کے بارے میں اپنے نظریات بیان کیے ہیں۔
حجت الاسلام والمسلمین حسن پویا نے امام خمینی رح کے خواتین سے متعلق بعض نظریات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں خواتین کا مقام و کرامت، اسلامی معاشرے کی تشکیل میں خواتین کا کردار، خواتین کی تعلیم و تعلم، اسلامی نظام میں خواتین کی آزادی، اسلامی حجاب، خواتین کی سیاسی اور سماجی میدان میں سرگرمیاں، بچوں کی تربیت میں ماؤں کے کردار کی اہمیت، ممتا کی اہمیت اور شرافت، تحریکوں میں خواتین کی پیشقدمی وغیرہ کے حوالے سے امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ نے واضح طور پر اپنا نظریہ پیش کیا ہے۔