پیر 6 جنوری 2025 - 06:00
امام علی نقی (ع) کی سیرت دنیا کے ہر انسان اور ہر معاشرے کے لئے مشعل راہ اور نمونہ عمل ہے

حوزہ/ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: حضرت امام علی نقی  علیہ السلام نے منصب امامت پر فائز ہو کر قرآن کریم کے ساتھ ساتھ سنت و سیرت رسول اکرم (ص) اور امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام سمیت اپنے اجداد سے ودیعت ہونے والے علم، مرتبے، منزلت، روحانیت اور عمل کے ذریعہ اپنے وقت کے عام انسان، عام مسلمان اور حکمران کو رشد و ہدایت فراہم کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 5 رجب المرجب، امام دہم امام علی نقی علیہ السلام کی ولادت باسعادت (مسعودی، اثبات‌الوصیه، ۱۴۲۶ق، ص۲۲۸ میں منقول روایت کے مطابق) کے موقع پر جاری اپنے پیغام کہا ہے کہ امام علی نقی الہادی علیہ السلام نے انتہائی مشکل اور نامساعد حالات میں امامت کا فریضہ انجام دیتے ہوئے انفرادی اور ذاتی زندگی میں انسانوں کی رہنمائی کی، وہاں اجتماعی طرز زندگی اور حکمرانی جیسے معاملات میں بھی لوگوں کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ چنانچہ مختلف موضوعات پر آپ علیہ السلام سے منقول فرامین آپ کی سیرت وکردار کی عکاسی کرتے ہوئے آج بھی دنیا کے ہر انسان اور ہر معاشرے کے لئے مشعل راہ اور نمونہ عمل ہیں۔ چنانچہ فرماتے ہیں "لوگوں کی حیثیت دنیا میں مال سے اور آخرت میں اعمال سے ہے"۔

انہوں نے کہا: حضرت امام علی نقی علیہ السلام نے منصب امامت پر فائز ہو کر قرآن کریم کے ساتھ ساتھ سنت و سیرت رسول اکرم (ص) اور امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام سمیت اپنے اجداد سے ودیعت ہونے والے علم، مرتبے، منزلت، روحانیت اور عمل کے ذریعہ اپنے وقت کے عام انسان، عام مسلمان اور حکمران کو رشد و ہدایت فراہم کی۔ جس کے اثرات امام ہادی علیہ السلام کے دور میں ان کے معاشرے اور ماحول میں واضح انداز میں مرتب ہوئے اور لوگوں کی کثیر تعدادراہ سچائی کی طرف متوجہ ہوئی۔انہوں نے دین حق کی سربلندی اور انسانیت کی فلاح و نجات کے لئے قید و بند کی سختیاں برداشت کیں لیکن اپنے پاکیزہ ہدف و مشن سے پیچھے نہ ہٹے۔

علامہ ساجد نقوی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ عالم انسانیت خاص کر عالم اسلام کی ہدایت و رہنمائی اور احترام آدمیت کی بنیاد پر ایک انسانی معاشرہ کے قیام کی خاطر ہمیں چاہیے کہ حضرت امام علی نقی علیہ السلام کی سیرت کا مطالعہ کرکے دکھی انسانیت کو مسائل سے نجات دلائیں اور عدل و انصاف سے مزین معاشرے تشکیل دینے کیلئے انفرادی و اجتماعی کردار ادا کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha