جمعہ 10 جنوری 2025 - 17:42
اسلام؛ خالق کائنات کی اطاعت اور مخلوق کے ساتھ نرمی کا نام ہے

حوزہ/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر نے جامع علی مسجد جامعہ المنتظر میں خطبۂ نمازِ جمعہ دیتے ہوئے خدا کی اطاعت پر زور دیا اور کہا کہ اسلام؛ خالق کائنات کی اطاعت اور مخلوق کے ساتھ نرمی کا نام ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ اسلام دو چیزوں کا نام ہے: اطاعت خالق کائنات اور مخلوق کے ساتھ نرمی سے پیش آنا۔ سب کوتاہیوں کی معافی ہے، لیکن جس نے حقوق العباد کی ادائیگی میں کوتاہی کی، اس کی معافی نہیں ہے۔ معاشرے میں ایسے لوگ بڑی تعداد میں ہیں، جنہوں نے ایک دوسرے کے حقوق غصب کر رکھے ہیں۔ ہم میں سے کتنے ایسے ہیں، جنہوں نے اپنی بہنوں کا حق کھایا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نماز کی دوسری رکعت میں سورة توحید پڑھی جاتی ہے، جس کو آدمی اگر بھول کر بھی شروع کر دے تو اس کو پورا کیے بغیر نہیں چھوڑا جا سکتا، پوری کی پوری سورہ توحید اللہ تعالی ٰ کی توحید کے بارے میں ہے۔

آیت اللہ سید حافظ ریاض حسین نجفی نے جامع علی مسجد جامعتہ المنتظر ماڈل ٹاؤن میں خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے کہا کہ سورۂ مبارکۂ کوثر ایک معجزاتی سورہ ہے، جس کوسبع معلقات کے مقابلے میں خانۂ کعبہ میں لٹکایا گیا اور اس کا اثر یہ ہوا کہ تمام معلقات کو خانۂ کعبہ سے اتار دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سورۂ مبارکۂ کوثر فصاحت و بلاغت کی انتہا ہے، جس کی پہلی آیت میں کہا گیا ہے کہ ہم نے آپ کو خیر کثیر عطا کی ہے۔ مختلف مفسرین نے سورۂ مبارکۂ کوثر کے بارے میں مختلف آراء دی ہیں، لیکن ہمارے مفسرین نے اس سے مراد حضرت فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا یا پھر اولاد کثیر مراد لیا ہے، یعنی اولاد علی و فاطمہ؛ اس خیر کثیر کے بدلے میں اللہ نے پیغمبر اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم سے نماز اور قربانی مانگی ہے۔

آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ مردوں کے ساتھ خواتین کو بھی نمازِ جمعہ میں شرکت کرنی چاہیے، کیونکہ حضرت خدیجة الکبری ٰ سلام اللہ علیہا پہلی خاتون ہیں، جنہوں نے باقاعدہ طور پر پیغمبرِ اسلام صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کے پیچھے نماز ادا کی۔

انہوں نے کہا کہ برگزیدہ صحابی رسول حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہہ کو أمیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام نے مدائن کا گورنر بنایا تو گدھے پر سوار ہو کر پہنچے، گورنر ہاؤس کے بجائے کرایے کے گھر میں رہنے لگے، کھانا خود پکاتے تھے، جب سیلاب آیا تو مختصر سامان لے کر چل دیے۔ کہنے لگے جس کا سامان مختصر ہو گا وہ پل صراط سے آسانی سے گزر جائے گا۔ جس کا سامان زیادہ ہو گا، اسے مشکل ہو گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha